گلبرگہ31؍اگست( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ): آل مسلم بیت المال زکوٰۃ ٹرسٹ کی جانب سے 28؍اگست بعد نماز جمعہ ٹرسٹ کے دفتر نزد تماپوری سرکل گلبرگہ میں ایک غریب مسلم طالب علم کی تعلیمی کفالت قبولکرنے کی تقریب منعقد ہوئی ۔ شاہین پی یو کالج بیدر میں زیر تعلیم محمد اعجاز مکاندار ولد محمد معین الدین مکاندار ساکن تالیکوٹ تعلقہ مدے بہال ضلع بیجاپور کی آل مسلم بیت المال زکوٰۃ ٹرسٹ نے تعلیمی کفالت قبول کرکے4اقساط میں فیس اور ہاسٹل کے اخراجات ادا کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ پی یو سی سال اول و دوم کے کل اخراجات سے ایک لاکھ66ہزار روپیوں سے طالب علم اعجاز احمد مکاندار کے والد محمد معین الدین مکاندار صرف 35ہزار روپئے ہی ادا کرسکے تھے ۔ کمزور مالی حالت کے پیش نظر معین الدین مکاندار کو اپنے فرزند کی تعلیم ترک کروانے کی نوبت درپیش تھی۔ منعقدہ تقریب میں طالب علم اعجاز احمد مکاندار اور ان کے والد کو پہلی قسط کا 16500/-روپئے مالیت کا چیک حوالہ کیا، اس موقع پر تقریب میں شریک عمائدین اور میڈیا کے نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست نے آل مسلم بیت المال اینڈ زکوٰۃ ٹرسٹ کی بھر پور ستائش کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی کے خاتمہ کے لئے ایک منظم منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مسلمانوں کی معاشی اور تعلیمی پسماندگی کے خاتمہ کے لئے زکوٰۃ کی رقم زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غریب و نادار ذہین طلباء کی تعلیمی امداد کے لئے تمام ملی فلاحی اداروں ٹرسٹوں کو آگے آنا چاہئے ۔ ملت کے غریب ذہین طلباء کا انتخاب کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف ان کی تعلیمی کفالت قبول کرنی چاہئے بلکہ انہیں تمام سرکاری محکمہ جات میں پہنچانے کی تیاری کرنی چاہئے ۔ سید شاہ شمس الدین چشتی، امان اللہ پیرزادے، عبدالرحیم سماجی کارکن، محمد مقتدر مولوی صاحب گلسرم، محمد معراج الدین کنوینر حیدرآباد کرناٹک مسلم ڈیولپمنٹ فورم اور دیگر اصحاب تقریب میں موجود تھے ۔