ممبئی۔4جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) کئی شاندار انفرادی اننگز کو بے رنگ کرتے ہوئے وی وی ایس لکشمن جنہوں نے کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں آسٹریلیا کے خلاف یادگار ٹسٹ اننگز کھیلی تھی ‘ ان کے اس مظاہرہ کو گذشتہ 50برسوں کے دوران ٹسٹ کی عظیم ترین کارکردگی قرار دیا گیا ہے ۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے اسٹائلش بیٹسمین وی وی ایس لکشمن نے یہ اننگز ہندوستانی ٹیم کیلئے اُس وقت کھیلی تھی جب کولکتہ کے اس ٹسٹ میں ہندوستانی ٹیم پہلی اننگز میں 274 رنز کے خسارہ کے بعد دوسری اننگز کا آغاز کیا تھا ۔ ای ایس پی این کی جانب سے ماہانہ کرکٹ میگزین جو کہ ڈیجیٹل میگزین ہوتی ہے اس کے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ان کے ساتھی کھلاڑیوں صحافیوں اور کامنٹیٹرس کے درمیان ایک رائے دہی کا طریقہ کار اختیار کیا گیا تھا جس میں لکشمن کی اس اننگز کو سب سے بہترین اننگز کا اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم کولکتہ ٹسٹ میں پہلی اننگز میں 171رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی جس میں لکشمن نے 59رنز کا تعاون کیا تھا جس پر ترقی کے بعد انہیں نمبر تین پر بیٹنگ کیلئے روانہ کیا گیا تھا جس کا انہوں نے فائدہ اٹھاتے ہوئے 281رنز کی اننگز کھیلنے کے علاوہ راہول ڈراویڈ کے ہمراہ پانچویں وکٹ کیلئے 376 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی تھی جس میں راہول ڈراویڈ نے 180رنز کا تعاون کیا تھا ۔