’ وزیربدلنے سے کانگریس۔ این سی پی اسمبلی انتخابات میں کامیاب نہیں ہوگی‘

عوام، کانگریس۔ این سی پی بدعنوانیوں سے بخوبی واقف ہیں : شیلار
ممبئی ۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج کانگریس ۔ این سی پی حکومت کو زبردست تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا نئے وزیر کو مہاراشٹرا کابینہ میں شامل کرنے سے کانگریس ۔ این سی پی اتحاد کو اسمبلی انتخابات میں کامیابی ملنے والی نہیں ہے۔ یاد رہے کہ جتیندر اوہد کوجو این سی پی کی مہاراشٹرا یونٹ کے ورکنگ صدر ہیں، آج بحیثیت وزیر راج بھون میں عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا گیا۔ دریں اثناء بی جے پی کی ممبئی یونٹ کے صدر آشیش شیلار نے کہا کہ مہاراشٹرا کے عوام نے کانگریس۔ این سی پی اتحاد والی حکومت کی تمام غلط کارکردگیوں کا اچھی طرح مشاہدہ کیا ہے۔ اگر حکومت یہ سوچتی ہیکہ صرف وزیروں کے چہرے بدل دینے سے اسمبلی انتخابات میں کامیابی مل جائے گی تو کانگریس ۔ این سی پی احمقوں کی جنت میں رہتی ہے یا پھر دن میں خواب دیکھ رہی ہے۔ آشیش شیلار راج بھون میں جتندر اوہد کی حلف برداری کی تقریب میں موجود تھے۔

مہاراشٹرا کے عوام سب سمجھتے ہیں کہ کونسی پارٹی بدعنوان ہے۔ کانگریس۔ این سی پی اتحاد کو اسمبلی انتخابات میں زبردست ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ حالیہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس۔ این سی پی اتحاد کو شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا جہاں کانگریس کو صرف دو اور این سی پی کو صرف چار نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ جب مسٹر شیلار سے یہ پوچھا گیا کہ حلف برداری کی تقریب میں بی جے پی اور شیوسینا کے اہم قائدین کیوں غیرحاضر تھے جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپوزیشن کی جانب سے تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔ مجھ سے کہا گیا تھا کہ تقریب میں شرکت کرتے ہوئے نئے وزیر کو مبارکباد دی جائے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جائے۔ پارٹی لیڈرس دورے پر ہیں لہٰذا تقرب میں شرکت نہیں کرسکے۔