نئی دہلی ۔ /8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی نے خواتین کے خلاف جرائم کی مذمت کی اور کہا کہ ’’ہمارا سر شرم سے جھکا ہوا ہے ‘‘ ۔ انہوں نے تشدد ، استحصال اور ہراسانی کا سامنا کررہی خواتین کیلئے ہیلپ لائین کے علاوہ ’’ون اسٹاپ سنٹرس‘‘ قائم کرنے کا بھی اعلان کیا ۔ نریندر مودی نے ایک بیان میں کہا کہ وہ خواتین کی غیرمعمولی حوصلہ مندی اور ان کے کارناموں کو سلام کرتے ہیں ۔ آج ہم پھر ایک بار خواتین کے ساتھ مساویانہ سلوک کے عہد کا اعادہ کرتے ہیں اور وہ ہمارے ترقیاتی سفر کا مساوی و اٹوٹ حصہ رہیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ جب کبھی ہمیں خواتین کے خلاف جرائم کے واقعات سننے کو ملتے ہیں تو ہمارا سر شرم سے جھک جاتا ہے ۔ ہمیں متحد ہوکر خواتین کے خلاف تمام شکلوں میں پائی جانے والی ناانصافی اور امتیازی سلوک کے خلاف جدوجہد کرنی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے خواتین کی زندگی میں مثبت تبدیلی کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں ۔
مودی سری لنکا پارلیمنٹ سے
خطاب کریں گے
نئی دہلی ۔ /8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)وزیراعظم نریندر مودی مجوزہ دورہ سری لنکا کے موقع پر سری لنکا کی پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے اور جافنا بھی جائیں گے ۔ انہوں نے آج ٹوئیٹر پر لکھا کہ وہ اس دورہ کے بارے میں کافی مسرور ہیںاور انہیں یقین ہے کہ ہندوستان و سری لنکا کے مابین باہمی روابط مزید مستحکم ہوں گے ۔ مودی کے /10 مارچ سے شروع ہورہے سہ قومی دورہ میں ماریشیس اور سیشیلس بھی شامل ہیں۔