’’ٹارگٹ اولمپک پوڈیم ‘‘ 45 اتھلیٹس کی نامزدگی

نئی دہلی ۔ 28 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بیجنگ اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ابھینو بندرا 17 شوٹرس کی قیادت کررہے ہیں جنھیں 45 اتھلیٹس میں شامل کیا گیاہے ، جو ٹارگٹ اولمپک پوڈیم (ٹی او پی ) اسکیم کے تحت مالی اعانت کیلئے حکومت کی جانب سے منتخب کئے گئے ہیں۔ حکومت نے آج 6 مختلف کھیلوں کے تحت ان تمام اتھلیٹس کے ناموں کا اعلان کیا اور 2016 ء کے ریو اولمپکس کیلئے اُن کی تیاری کے سلسلے میں اُنھیں ٹریننگ دلانے پر رقم خرچ کی جائے گی ۔ اس ضمن میں جملہ رقم 30.075 کروڑ روپئے ہوگی جس میں سے 96.80 لاکھ روپئے تاحال جاری کئے جاچکے ہیں۔ 6 شٹلرس جنھیں نامزد کیا گیا ، وہ لندن اولمپکس کی برونز میڈلسٹ سائنا نہوال ، پی وی سندھو ، پی کیشپ ، کے سریکانت ، گرو سائی دت اور ایچ ایس پرانوئے ہیں۔