’’میں 25 سال سے سیاست میں ہوں، عوامی فنڈس کا کبھی بیجا استعمال نہیں کیا‘‘

بنگلور ۔ 27 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر ریلوے ڈی وی سدانند گوڑ نے آج ان الزامات کو مسترد کردیا کہ ان کے اثاثہ جات میں اچانک دس کروڑ روپئے کا اس وقت اضافہ نوٹ کیا گیا ہے جب سے انہوں نے مرکزی کابینہ میں شمولیت اختیار کی ہے۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فرائض کے تئیں ایک دیانتدار سیاستداں ہیں اور کبھی بھی انہوں نے عوامی فنڈس کا ناجائز استعمال نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اثاثہ جات میں اضافہ کی جو رپورٹس پیش کی جارہی ہیں وہ حقائق پر غور و خوض کئے بغیر پیش کی گئی ہیں۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل اسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمس (ADR) اور نیشنل الیکشن واچ (NEW) کی جانب سے یہ رپورٹس گشت کر رہی تھیں کہ مسٹر گوڈ کے اثاثہ جات کے تخمینہ نے اچانک اچھال لیا ہے اور جو اثاثہ جات جاریہ سال مئی میں صرف 9.88 کروڑ روپئے پر مشتمل تھے وہی اب اکتوبر میں 20.35 کروڑ روپئے تک پہنچ گئے ہیں۔ یاد رہے کہ اے ڈی آر اور این ای ڈبلیو نے جاریہ سال مئی میں لوک سبھا انتخابات کیلئے امیدواروں کی جانب سے داخل کردہ پرچہ نامزدگی میں درج کئے گئے اثاثہ جات کے تخمینے حاصل کئے تھے اور ان کا تقابل پانچ ماہ بعد وزیراعظم کے دفتر (PMO) کو روانہ کئے گئے حلف ناموں سے کیا گیا ۔ اس سلسلہ میں گوڈ نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بنگلور میں ایک بلڈنگ خریدی ہے جس کے لئے انہوں نے فیڈرل بینک سے 8 کروڑ روپئے کا قرض حاصل کیا ۔ علاوہ ازیں اپنی بلڈنگ کو وہ جس کرایہ دار کو کرایہ پر دینا چاہتے تھے اس کی جانب سے کرایہ کی مد میں دو کروڑ روپئے بطور پیشگی حاصل ہوئے ۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے یہ تفصیلات بتائیں جس کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قرض گزشتہ سال نومبر میں منظور ہوگیا تھا لیکن کرایہ دار سے بات چیت کو قطعیت لوک سبھا انتخابات کے بعد دی گئی ۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے وقت وہ بلڈنگ ان کی ملکیت نہیں تھی اور مابعد انتخابات انتہائی شفاف طریقہ سے ان کے نام منتقل کی گئی ۔ جون کے اواخر تک انہوں نے یہ تفصیلات وزیراعظم کے دفتر (PMO) میں داخل کیں تاکہ شفافیت برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ تین منزلہ عمارت انہوں نے مسٹر کے وی نائیڈو سے خریدی ہے جو بنگلور کی رمیا فاونڈیشن کو کرایہ پر دی گئی ہے ۔ سدانند گوڈ نے کہا کہ مرکزی وزیر بننے کے بعد ان کے اثاثہ جات میں اضافہ کے بارے میں عوام کو تفصیلات بتانا ان کا فرض ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ 25 سال سے سیاست سے وابستہ ہیں اور سیاسی زندگی کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنا ذاتی کاروبار بھی جاری رکھا لیکن عوامی فنڈس کا کبھی بھی بیجا استعمال نہیں کیا ۔