’’میرا اقتدار ہوتا تو مودی کو جیل بھیج دیتی‘‘

برہم پور (مغربی بنگال) /9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ممتا بنرجی نے آج کانگریس کو ہدف تنقید بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ خوف کے خول میں بند ہے اور اس نے بی جے پی کے خلاف کارروائی کی جرأت نہیں دکھائی، نیز یہ کہا کہ اگر وہ دہلی میں برسر اقتدار ہوتیں تو وہ نریندر مودی کو جیل بھیج دیتیں۔ ’’انھیں (کانگریس) ہمت نہیں ہے۔ یہ پارٹی خائف ہے۔ وہ مفاہمت اور جوڑ توڑ کا کھیل کھیلتے ہوئے اپنی بقا یقینی بناتے ہیں اور میچ فکسنگ میں بھی ملوث ہوتے ہیں۔ نریندر مودی کے خلاف ایک لفظ نہیں کہا۔ یہ مودی کے معاملے میں خوف زدہ ہیں‘‘۔ ترنمول کانگریس سربراہ نے ضلع مرشدآباد میں منعقدہ الیکشن ریلی سے خطاب میں یہ ریمارکس کئے۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’’اگر وہ دہلی میں کانگریس کی جگہ ہوتیں تو نریندر مودی کو ان کی کمر سے رسہ باندھ کر جیل بھیج دیتیں‘‘۔ ان الفاظ کے ساتھ ممتا بنرجی نے پھر ایک بار بی جے پی وزارت عظمی امیدوار کو نشانہ بنایا، جنھوں نے ریمارک کیا تھا کہ غیر قانونی بنگلہ دیشی تارکین کو 16 مئی کے بعد بوریا بستر باندھ کر واپس جانا پڑے گا۔ چیف منسٹر مغربی بنگال نے کہا کہ اگر کانگریس پارٹی نے ابتدا میں ہی بی جے پی پر دباؤ ڈالا ہوتا تو آج انھیں اس قدر جرأت دکھانے کی ہمت نہ ہوتی۔ انھوں نے کہا کہ تارکین وطن طویل عرصہ سے شہری ہیں۔