سرینگر۔11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے آج عمر عبداللہ حکومت سے کہا کہ وہ 1700 کروڑ روپئے مرکزی پیاکیج کا حساب دیں جو سیلاب سے متاثرہ افراد کی راحت رسانی کیلئے ریاستی حکومت کو فراہم کئے گئے تھے اور مبینہ طور پر عوام تک نہیں پہنچے۔ وہ سرینگر میں اپنے اولین انتخابی جلسہ عام سے پارٹی امیدوار حنا بھٹ کی تائید میں تقریر کررہے تھے۔ حنا بھٹ امیرہ کدل انتخابی حلقہ سے امیدوار ہیں۔ امیت شاہ نے کہا کہ ہر سال تقریباً 8 تا 10 ہزار کروڑ روپئے جموں و کشمیر کی ترقی کیلئے دیئے جاتے ہیں لیکن یہاں پر کوئی تنصیبات، کوئی ہسپتال کی عمارتیں، کوئی ڈاکٹر نظر نہیں آتا۔ ہسپتالوں کی عمارتیں موجود ہیں لیکن ڈاکٹرس اور دوائیں غائب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت نریندر مودی کی زیرقیادت جموں و کشمیر کو آئندہ بھی ہر ممکن مدد فراہم کرتی رہے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ’’مودی پر بھروسہ کریں‘‘اور ریاست میں بی جے پی کو برسراقتدار لائیں۔