۔92 برس کی عمر میں 26 میل کی دوڑ، عالمی ریکارڈ

سان ڈیگو۔4 جون (سیاست ڈاٹ کام )92 سالہ امریکی ایتھلیٹ ہیریئٹ ٹامپسن دنیا کی وہ پہلی بزرگ ترین خاتون بن گئی ہیں، جنہوں نے سان ڈیگو میں 26 میل کی میراتھن میں کامیاب شرکت کی۔ انہوں نے یہ فاصلہ سات گھنٹے چوبیس منٹ اور چھتیس سیکنڈ میں طے کیا۔امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنوب میں سان ڈیگو کے شہر میں منعقد کی گئی اور اس میں اپنی کامیاب شرکت کے ساتھ ہیریئٹ ٹامپسن عالمی سطح پر کسی بھی میراتھن میں پورا فاصلہ طے کرنے والی دنیا کی بزرگ ترین خاتون بن گئی ہیں۔ 26 میل فاصلے کی اس دوڑ میں شرکت کے وقت ہیریئٹ ٹامپسن کی عمر 92 برس اور 65 دن تھی۔ میراتھن کے راستے میں ان کی حوصلہ افزائی کے لئے بے شمار شائقین اور ان کے حامی موجود تھے۔یہ میراتھن مکمل کرنے کے فوری بعد ہیریئٹ ٹامپسن نے اپنے آبائی شہر سے شائع ہونے والے اخبار ’شارلٹ آبزرور‘ سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 26 میل کا فاصلہ طے کرنے کے بعد انہیں اپنے پیروں میں ’کچھ کھچاؤ‘ محسوس ہو رہا تھا ۔ہیریئٹ ٹامپسن سے پہلے کسی بزرگ خاتون کی طرف سے کسی میراتھن میں کامیاب شرکت کا ریکارڈ 2010ء میں ایک اور امریکی خاتون گلیڈیز ’گلیڈی ایٹر‘ بَرِل نے قائم کیا تھا۔ انہوں نے امریکہ ہی میں ہونولْولْو میراتھن میں کامیاب شرکت کی تھی اور تب ان کی عمر 92 برس اور 19 دن تھی۔ ہیریئٹ ٹامپسن، جو 10 بچوں کی نانی اور دادی ہیں، ماضی میں سرطان کی مریضہ رہ چکی ہیں اور انہوں نے سان ڈیگو میراتھن میں حصہ کینسر کے بارے میں تحقیق کے لئے رقوم جمع کرنے کی خاطر لیا۔آج تک کسی بھی میراتھن میں حصہ لینے والے سب سے زیادہ عمر کے مرد ایتھلیٹ فوجا سنگھ ہیں، جنہوں نے 2013ء میں 101 برس کی عمر میں ایک میراتھن میں حصہ لیا تھا، لیکن انہیں یہ دوڑ نامکمل ہی ختم کرنا پڑ گئی تھی۔