ممبئی ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) حال ہی میں بالی وڈ کے اداکار شاہ رخ خان کو ممبئی میں ‘یش چوپڑا میموریل ایوارڈ’ سے نوازا گیا۔ اس تقریب میں شتروگھن سنہا، سیمی گریوال، ریکھا اور یش چوپڑا کی بیوی پامیلا چوپڑا بھی شریک ہوئیں۔اس موقع پر ریکھا نے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ شاہ رخ خان نے انہیں ایک بار نیند سے زبردستی جگایا تھا۔ریکھا نے کہا: ‘ایک بار ہم ہوائی جہاز میں تھے اور میں سو رہی تھی کیونکہ میں تھکی ہوئی تھی۔ مجھے شاہ رخ نے اٹھایا اور کہا کہ میں ڈوبتا ہوا سورج دیکھوں۔ لیکن چونکہ میں اتنی تھکی ہوئی تھی کہ سورج کی جگہ میں نے دیکھا کہ کون مجھے جگا رہا ہے، اور وہ تھے شاہ رخ خان۔’اس بات پر شاہ رخ خان نے کہا کہ وہ انھیں سورج نہیں دکھا رہے تھے۔ ‘ دراصل میں ان سے بات کرنے کے بہانے ڈھونڈ رہا تھا۔ یہ میری زندگی کا سب سے المناک دن ہے کیونکہ ریکھا جی نے مجھے راکھی باندھ دی ہے۔’اس موقع پر شاہ رخ نے یش چوپڑا کو یاد کرتے ہوئے کہا: ‘میرا کریئر بنا ہے تو یش چوپڑا کی وجہ سے بنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر میں نے رومانٹک فلمیں نہیں کیں تو میرا کریئر ختم ہو جاتا۔ حالانکہ مجھے نہیں لگتا تھا کی میں رومانٹک ہوں اور میری شکل ہیرو جیسی ہے تاہم میں نے ان کی بات سنی اور مجھے کامیابی ملی۔’شاہ رخ نے کہا: ‘مجھ سے میرے والد نے کہا تھا کہ اگر کشمیر کبھی جاؤ گے تو میرے ساتھ جاؤ گے۔ پھر وہ ہمارا ساتھ چھوڑ کر چلے گئے۔ برسوں تک میں کشمیر نہیں گیا۔ پھر فلم ‘جب تک ہے جان’ کے لیے میرے والد کی ہی طرح یش چوپڑا نے کہا کہ چلو کشمیر اور میں ان کے ساتھ گیا۔’اس تقریب میں شتروگھن سنہا نے کہا کہ شاہ رخ خان ‘توانائی کنگ’ ہیں اور ان کی کہانی ‘زیرو ٹو ہیرو’ ہے۔