یہودی سال نو کے موقع پر مسجد اقصیٰ میں جھڑپیں

قدیم شہر بم دھماکوں سے گونج اٹھا، کئی زخمی
یروشلم ۔ 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) یہودیوں کے سال نو کے موقع پر اس مقدس مقام کا دورہ کرکے عبادت کرنے والے یہودیوں کے خلاف فلسطینیوں کے احتجاج کے باعث آج مسجد اقصیٰ میں جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس ترجمان لوباسمری نے بتایا کہ فلسطینی نوجوانوں نے پولیس پر سنگباری کی اور پٹرول بم پھینکے جس میں کئی زخمی ہوئے۔ پولیس نے احتجاجیوں کو مسجد اقصیٰ کے اندر ڈھکیل دیا۔ قدیم شہر کے قلب میں واقع مسجد اقصیٰ کے احاطہ میں یہودیوں کا گروپ عبادت کیلئے پہنچا جہاں دستی بم دھماکوں سے سارا علاقہ گونج اٹھا۔ پولیس اس علاقہ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی تو ان پر سنگباری کی گئی۔ جھڑپوں کو پھیلنے سے روکنے کیلئے پولیس نے طاقت کا استعمال کیا۔ یہ جھڑپیں بظاہر صبح کی اولین ساعتوں میں شروع ہوئیں۔ اس وقت یہودیوں کا گروپ دو روزہ یہودی سال نو کے موقع پر دعائیہ اجتماع کیلئے یہاں پہنچا تھا۔ یہ سال نو صبح صادق سے شروع ہوا ہے۔ پولیس کا کہنا ہیکہ 402 غیر مسلم چہارشنبہ کی صبح اس احاطہ میں پہنچے۔ ان میں سے 40 یہودی اسرائیلی تھے۔ اس مقام پر عبادت پر پابندی کے باوجود یہودیوں کا گروپ یہاں پہنچا تھا پولیس نے ان میں سے دو کو گرفتار کرلیا ہے۔ ممنوعہ جگہ داخل ہوتے ہوئے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس نے دو یہودیوں کو گرفتار کیا۔ احاطہ کے قریب پولیس کو فلسطینیوں کے ایک چھوٹے سے ہجوم پر صوتی بم پھینکتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس جھڑپ میں ایک پولیس ملازم کے سر پر زخم آیا ہے۔