یو پی کے دفاتر میں مودی کی تصاویر : گورنر کی ہدایت

لکھنو 10 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) اتر پردیش کے گورنر (اضافی چارج) مسٹر عزیز قریشی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد ان کی شخصیت سے اس درجہ متاثر ہوگئے ہیں کہ انہوں نے راج بھون سے ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں ریاست کے تمام سرکاری دفاتر میں وزیر اعظم نریندر مودی کی تصاویر آویزاں کرنے کی ہدایت دی ہے نیز گورنر کے حکم سے فوری طور پر لکھنو کے راج بھون میں نریندر مودی کی صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی کی تصاویر آویزاں کردی گئی ہیں ۔یہ پہلا موقع ہے کہ جب کسی ریاست کے گورنر نے عوامی حکومت ہونے کے باوجود سرکاری دفاتر میں وزیر اعظم نریندر مودی کی تصاویر اویزاں کرنے کا حکم جاری کیا ہے ۔

گورنر عزیز قریشی کو سابقہ یو پی اے حکومت نے اترا کھنڈ کا گورنر مقرر کیا تھا عزیز قریشی مدھیہ پردیش کے پرانے کانگریس لیڈر سابق مرکزی وزیر بھی رہ چکے ہیں مرکزی نریندر مودی کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے اچانک گورنر عزیز قریشی کا موقف رنگ ڈھنگ بالکل بدل گیا وہ اپنے کو پرانے کانگریس سے کہیںزیادہ بی جے پی، مودی بھگت ثابت کرنے میں فخر محسوس کرنے لگے ہیں ۔گورنر عزیز قریشی کو نریندر مودی حکومت کتنے دنوں تک گورنر کے عہدے پر برقرار رکھتی ہے یہ دیکھنے کی بات ہے۔