نئی دہلی ۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات میں ہزیمت اٹھانے کے بعد کانگریس نے پہلی بار اہم قدم اٹھاتے ہوئے اترپردیش جیسی سیاسی طور پر اہم سمجھی جانے والی ریاست کی کانگریس یونٹ کو تحلیل کردیا ہے جس سے یہ اشارہ ملتا ہیکہ پارٹی مزید کچھ اہم تبدیلیوں کی جانب پیشرفت کرے گی۔ پارٹی جنرل سکریٹری جناردھن دیویدی نے اعلان کرتے ہوئے کہا اترپردیش میں کانگریس کی تمام ریاستی، ضلع واری اور بلاک کمیٹیوں کو تحلیل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے البتہ یہ واضح کردیا کہ پردیش کانگریس کمیٹی سربراہ نرمل کھتری اپنے عہدہ پر برقرار رہیں گے۔ کانگریس پارٹی کی عام طور پر یہ روایت رہی ہے کہ جب تک پی سی سی سربراہ کے جانشین کا تقرر نہیں ہوجاتا اس وقت تک پیشرو کو عہدہ پر برقرار رکھا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ 80 پارلیمانی نشستوں کے منجملہ کانگریس کو یو پی میں صرف دو نشستوں پر کامیابی ملی تھی جو رائے بریلی سے سونیا گاندھی اور امیٹھی سے راہول گاندھی نے جیتی تھی۔