یو پی میں راہول کی لوک سبھا انتخابی مہم شروع

بارہ بنکی / لکھنؤ /28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) اتر پردیش میں آنے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے اپنی پارٹی کی مہم باقاعدہ شروع کرتے ہوئے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج صوفی سنت حاجی وارث علی شاہ کی درگاہ پر حاضری دی اور بارہ بنکی میں روڈ شو منعقد کیا۔ راہول آج صبح ریاستی دارالحکومت پہنچے اور مختلف میڈیا گھرانوں کے ایڈیٹرس اور بیورو چیفس کے ساتھ غیر رسمی تبادلہ خیال کیا۔ بعد ازاں انھوں نے آنگن واڑی ورکرس اور ویمن سیلف ہیلپ گروپ کی ارکان سے ریاستی دارالحکومت کے مضافات کے ایک گاؤں میں ملاقات کی۔

انتخابی مصارف سے متعلق الیکشن کمیشن کی تجویز کو حکومتی منظوری
نئی دہلی /28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات کے امیدوار اپنی مہم کے لئے اب زیادہ خرچ کرسکتے ہیں، کیونکہ مرکزی کابینہ نے الیکشن کمیشن کی اس تجویز کو منظوری دے دی ہے کہ پارلیمانی انتخابات کے لئے مصارف کی حد کو بڑی ریاستوں میں زیادہ سے زیادہ 70 لاکھ اور چھوٹی ریاستوں میں 54 لاکھ روپئے کردیا جائے۔ مرکزی کابینہ نے آج ضابطۂ انتخابی قواعد 1961ء میں ترمیم کو منظوری دی اور انتخابی حلقوں کے لئے امیدوار کی جانب سے کئے جانے والے خرچ کی حد پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے تمام ریاستوں ماسوا چھوٹی ریاستیں 70 لاکھ روپئے کردیا۔ اسمبلی حلقوں کے معاملے میں اعظم ترین حد تمام ریاستوں ماسوا چھوٹی ریاستیں، بڑھاکر 28 لاکھ روپئے کردی گئی ہے، جب کہ چھوٹی ریاستوں میں یہ حد 20 لاکھ روپئے رہے گی۔