لکھنؤ ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج دعویٰ کیا کہ آئندہ سال ریاست یو پی میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے بعد ان کی پارٹی ہی حکومت بنائے گی۔ مجھے پورا یقین ہیکہ پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیابی ملے گی اور یو پی میں 2017ء انتخابات کے بعد بی جے پی کی ہی حکومت ہوگی۔ امیت شاہ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرکے سیاست کے بارے میں مزید اظہارخیال سے انکار کردیا۔ البتہ یہ کہا کہ وہ خود کوایک قوم پرست لیڈر سمجھتے ہیں۔ میں کانگریس خاص کر اس پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آیا وہ جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں لگائے گئے نعروں کو قوم دشمن نعرے سمجھتے ہیں یا اظہارخیال کی آزادی۔ راہول گاندھی کو اس مسئلہ پر پارٹی کی نظریاتی بنیاد کو واضح کرنا چاہئے۔ صدر بی جے پی نے کہا کہ وہ یہ سوال گذشتہ 6 دن سے اٹھاتے آرہے ہیں لیکن راہول گاندھی نے خاموشی اختیار کرلی ہے۔ انہوں نے پارٹی ورکرس سے کہا کہ وہ اس مسئلہ کو ملک کے ہر موضع میں اٹھائیں کہ آیا اس طرح کے نعروں کی جمہوریت میں حمایت کی جائے گی۔