یو پی اے کے فرقہ وارانہ تشدد بِل کو پس پشت ڈال دیاجائے گا

نئی دہلی 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) این ڈی اے حکومت کی جانب سے سابق یو پی اے دور میں پیش کئے گئے فرقہ وارانہ تشدد بِل کو پس پشت ڈال دیا جائے گا۔ وزارت داخلہ اِس قانون کو پیش کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔ وزیراعظم نے اِس بِل کو تباہ کن قرار دیا تھا جب وہ چیف منسٹر گجرات تھے۔ وزارت داخلہ کے عہدیداروں نے کہاکہ انسداد فرقہ وارانہ اور منظم سازش تشدد بِل پر مباحث ہوچکے ہیں لیکن نئی حکومت کے جائزہ حاصل کرنے کے بعد اِس پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی ہوں یا وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے اِس بل پر مزید کسی غور و خوض کے سلسلہ میں دلچسپی ظاہر نہیں کی ہے۔