یو اے ای جیسی ٹیموں سے مزید میچس ممکن نہیں : دھونی

پرتھ ۔ یکم مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم سال بھر کے شیڈول میں مصروف ہے اور کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے آج یہ واضح کردیا کہ متحدہ عرب امارات جیسی ٹیموں کے کھیل میں نکھار لانے ان کے خلاف زیادہ میچس کھیلنا ان کی ٹیم کی ذمہ داری نہیں ہے ۔ آئی سی سی نے آئندہ ورلڈ کپ میں 14 کی بجائے صرف 10 ٹیموں کو شامل کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد یہ سوال کیا جا رہا ہے کہ آئی سی سی کی اسوسی ایٹ ٹیموں کا کھیل کس طرح بہتر ہوسکے گا ۔ دھونی سے سوال کیا گیا تھا کہ آیا وہ یو اے ای کی ٹیم کے خلاف زیادہ میچس کھیلنا چاہیں گے تاکہ اس کے کھیل میں بہتری آسکے دھونی نے کہا کہ ہندوستان کے خلاف انہیں کھیلنے کا موقع نہیں ملیگا ۔ وہ مزید میچس کھیلنے کچھ دن صرف کرنے تیار نہیں ہیں۔ اب ٹیم بہت مصروف ہے ۔ سال میں ساڑھے نو مہینے کھیلتے ہیں۔ ڈھائی مہینے آئی پی ایل کھیلا جاتا ہے اور پھر ٹی 20 چمپئنس لیگ ہوتی ہے ۔ اس کے باوجود ٹسٹوں اور ونڈے کی تعداد میں ہم دوسری ٹیموں سے پیچھے نہیں ہیں۔ ایسے میں وہ ہندوستان کیلئے مزید میچس کی حمایت نہیں کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ونڈے سیریز کو دو میچس تک محدود نہ کردیا جائے مزید مقابلوںمیں حصہ لینا ممکن نہیں ہے ۔