امریکی اسٹار اپنے اولین کیلنڈر گرانڈ سلام سے اب پانچ قدم دور ۔ ٹاپ سیڈ جوکویچ اور وینس کی بھی پیشرفت
نیویارک ، 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سرینا ولیمز نے اپنے اولین کیلنڈر گرانڈ سلام کی طرف ایک اور قدم یو ایس اوپن کے سکنڈ راؤنڈ میں کیکی برٹنس کے مقابل کامیابی کے ساتھ بڑھایا ہے۔ عالمی نمبر ایک اوپننگ ٹائی بریک میں 4-0 سے پچھڑیں لیکن واپسی کرتے ہوئے آرتھر ایش اسٹیڈیم میں 7-6(7-5)، 6-3 سے جیت گئیں۔ اس طرح سرینا کو دوسرے مرحلے کے مقابلے میں کچھ جدوجہد ضرور ہوئی مگر انھوں نے میچ کو تین سٹ تک بڑھنے نہیں دیا۔ اسی طرح مینس سیکشن میں آٹھویں سیڈ رفائل نڈال کی بھی ڈیگو سیباسشین شوارزمین کے مقابل 7-6(7-5)، 6-3، 7-5 سے جیت کے دوران آزمائش ہوئی۔ اسپینی اسٹار جو فرسٹ سٹ ٹائی بریک میں 5-3 سے پیچھے ہوئے اور پھر دوسرے اور تیسرے دونوں سٹس میں ایک بریک پچھڑ گئے، انھوں نے اعتراف کیا کہ انھیں فتح کیلئے جدوجہد پر مجبور ہونا پڑا۔ تاہم ٹاپ مینس سیڈ نواک جوکویچ کو بہت کم مشکل ہوئی جیسا کہ وہ اینڈریاس ہیڈر۔ مارر کے مقابل 6-4، 6-1، 6-2 سے جیت گئے۔ دیگر کورٹس میں ڈیفنڈنگ چمپئن مارین سلیچ گزشتہ سال ٹائٹل جیتنے کے بعد سے پہلی مرتبہ آرتھر ایش اسٹیڈیم کو واپس ہوتے ہوئے ایفگینی دونسکوئے کے مقابل 6-2، 6-3، 7-5 سے جیتیں۔ گریگور دیمتروف نے گرانڈ سلام سے ایک اور عاجلانہ اخراج کیا جبکہ 17 ویں سیڈ اور 2014ء کے ومبلڈن سیمی فائنلسٹ عالمی نمبر 56 میخائل کوکوشکین کے مقابل 6-3، 7-6(7-2)، 2-6، 4-6، 6-4 سے ہار گئے۔ دسویں سیڈ میلوس راؤنیچ نے پیٹھ کے مسئلہ پر قابو پاتے ہوئے فرنانڈو ورڈاسکو کے مقابل 6-2، 6-4، 6-7(5-7)، 7-6(7-1) سے جیت درج کرائی، ویمنس 25 ویں سیڈ یوگینی بوچارڈ نے پولونا ہرکاگ کو 6-3، 6-7(2-7)، 6-3 سے ہرایا جبکہ وینس ولیمز نے آئرینا فالکونی کو 6-3، 6-7(2-7)، 6-2 سے چلتا کیا۔ سرینا کیلئے ذاتی سنگ میل کیلئے اب دو قدم پار، پانچ قدم باقی والا معاملہ ہے۔ گزشتہ روز یہاں فرسٹ سٹ کے بعد زبردست چیخ اور میچ کے ختم پر منہ بنانا ثبوت ہیں کہ 33 سالہ امریکی اسٹار کم از کم اس میچ کی حد ’بہترین‘ سے کافی دور رہیں۔