یوگی آدتیہ ناتھ کی عبوری رام مندر میں پوجا

چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ دورہ ایودھیا

ایودھیا ۔ 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے آج ایودھیا کے عبوری رام مندر پہنچ کر پوجا کی۔ چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یوگی کا یہ پہلا دورہ ایودھیا تھا۔ ان کا یہ دورہ اگرچہ پہلے سے طئے شدہ تھا جس کے باوجود بھی اس کو اس لئے اہمیت حاصل ہوگئی ہیکہ اس سے ایک دن قبل یعنی منگل کو سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے بی جے پی اور سنگھ پریوار کے متعدد قادئین بشمول ایل کے اڈوانی، مرلی منوہر جوشی، اوما بھارتی کے خلاف بابری مسجد کی انہدامی کے کیس میں فردجرم عائد کرتے ہوئے ان پر مجرمانہ سازش کا الزام بھی لگائی ہے۔ اترپردیش کے چیف منسٹر آج صبح یہاں پہنچے تھے۔ رام جنم بھومی۔ بابری مسجد کامپلکس میں واقع عبوری مندر میں 30 منٹ گذارے۔ بعدازاں دریائے سریو کے کنارے پوجا پاٹ کی۔ یوگی نے سب سے پہلے ہنمانی گڑھی مندر کے درشن کے ساتھ دورہ ایودھیا کا آغاز کیا۔ ان کے ساتھ موجود کئی بی جے پی قائدین میں دھرم داس بھی شامل تھے جن کے خلاف گذشتہ روز مجرمانہ سازش کا فردجرم عائد کیا گیا۔ اڈوانی کے گذشتہ روز عدالت پہنچنے سے قبل یوگی آدتیہ ناتھ نے لکھنؤ کے وی وی آئی پی گیسٹ ہاؤز پہنچ کر ان (اڈوانی) سے ملاقات کی تھی۔ سپریم کورٹ نے 19 اپریل کو اڈوانی اور دوسروں کے خلاف مجرمانہ سازش کے الزامات دوبارہ وضع کرنے کا حکم دیا تھا۔ بابری مسجد کی انہدامی کے مقدمہ میں سی بی آئی نے آج ملزمین کے خلاف چارج شیٹ پیش کی تھی ان میں شیوسینا کے سربراہ بال ٹھاکرے، وی ایچ پی قائدین، آچاریہ گری راج کشور، اشوک سنگھل، پرم ہنس، چندرا داس اور مہنت اویدیہ ناتھ اس دنیا سے گذر چکے ہیں۔