یوگا کو وزارت اسپورٹس نے کھیل کے طورپر تسلیم کیا

نئی دہلی ۔ یکم سپٹمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزارت اسپورٹس نے آج فیصلہ کیا کہ یوگا کو ایک کھیل کے طورپر تسلیم کرتے ہوئے اسے ترجیحی زمرے میں رکھا جائے ۔ وزارت نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ فینسنگ (تلوار بازی ) کو دیگر کے زمرے سے جنرل کیٹگری میں شامل کیا جائے جس کی اساس بڑے انٹرنیشنل ایونٹس میں اس کھیل کے عمدہ مظاہرے ہیں ۔ یونیورسٹی اسپورٹس کو بھی ترجیحی زمرے میں رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ۔ وزارت نے آج مختلف کھیلوں کی زمرہ بندی کا جائزہ لیا اور اسپورٹس کے زمروں پر نظرثانی کرتے ہوئے اُنھیں دی جانے والی مالی اعانت کا جائزہ لیا۔ اس ضمن میں آئی او سی کو واقف کرایا گیا اور تمام مسلمہ نیشنل اسپورٹس فیڈریشن کو بھی 23 مارچ 2015 ء کو اس تبدیلی سے واقف کرایا گیا ۔
نوجوان ٹیم کیلئے شاندار سنگ میل ، کوہلی کا تبصرہ
کولمبو ۔ یکم سپٹمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نہایت مسرور ہندوستانی ٹسٹ کپتان ویراٹ کوہلی نے اپنی ٹیم کی 2-1 کی سیریز جیت کو شاندار سنگ میل قرار دیا جبکہ وہ اب تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں۔ سری لنکا میں ٹیم کے مظاہرے پر مطمئن کوہلی نے میچ کے بعد اختتامی تقریب میں کہا کہ یہاں 22 سال کے بعد جیتنے نوجوان ٹیم کیلئے شاندار کارکردگی ہے ۔ مجھے بتایا گیا کہ کسی بھی ہندوستانی ٹیم نے 0-1 سے پچھڑنے کے بعد واپسی کرتے ہوئے ٹسٹ سیریز نہیں جیتی ہے لہذا ہم نے ایک حد تک تاریخ رقم کی ہے ۔ ٹیم انڈیا کو مختلف گوشوں سے مبارکبادی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔