یوکرین بحران: روس ۔ امریکہ مذاکرات ناکام

پیرس ، 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) یوکرین کے بحران کے حل کیلئے روس اور امریکہ کی طرف سے پیش کردہ تجویزیں ایک دوسرے سے بہت مختلف نظر آ رہی ہیں۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے مابین مذاکرات کے کوئی ٹھوس نتائج سامنے نہیں آئے۔ اطلاعات کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور اُن کے امریکی ہم منصب جان کیری نے چار گھنٹے تک مذاکرات جاری رکھے، جس میں کیری نے روس پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر یوکرین سے اپنی فوج واپس بلا لے۔ امریکی وزیر خارجہ نے اس روسی مطالبے کو بھی مسترد کر دیا ہے، جس میں یوکرین سے اپنے بعض حصوں کو وسیع خود مختاری فراہم کرنے کی بات کہی گئی تھی۔ تاہم کیری اور لاوروف نے یوکرین کے بحران کے سفارتی حل کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔ اس دوران امریکی وزیر خارجہ نے اپنے فرانسیسی ہم منصب لاراں فابیوس کے ساتھ ٹیلی فون پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ اس ملاقات کے بعد جان کیری اور سرگئی لاوروف نے میڈیا کو اپنی گفتگو کی بابت کچھ نہیں بتایا۔ لاوروف اور کیری کے درمیان اس ملاقات کو یوکرینی بحران کے حل کے سلسلے میں ایک نئی کوشش قرار دیا جارہا تھا لیکن بظاہر کوئی ٹھوس اور مثبت نتیجہ سامنے نہیں آیا ہے۔