یوپی کابینہ میں تین مسلم وزراء کو کابینی درجہ

لکھنو 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مظفر نگر فسادات سے مجروح مسلمانوں کے جذبات کو مندمل کرنے کی ایک کوشش کے طور پر حکومت اترپردیش نے آج مسلم برادری کے تین مملکتی وزراء کو کابینی درجہ پر ترقی دی اور وزارت میں مزید ایک نیا مسلم چہرہ شامل کیا گیا ہے۔ محبوب علی، اقبال محمود، شاہد منظور کو کابینی درجہ دیا گیا ہے۔ یاسر علی کو گورنر بی ایل جوشی نے مملکتی وزیر کی حیثیت سے حلف دلایا۔ یاسر علی جو وقار احمد شاہ کے فرزند ہیں، اُن کے والد کا قلمدان علالت کے سبب گزشتہ چند ماہ قبل واپس لیا گیا تھا۔ اکھلیش یادو کی 21 ماہ قدیم وزارت میں آئندہ لوک سبھا انتخابات سے قبل یہ توسیع کی گئی ہے۔ شیوکانت اوجھا کو بھی آج کابینی وزیر کے رتبہ پر ترقی دی گئی۔ جس کے ساتھ ہی اکھلیش یادو وزارت میں ارکان کی تعداد 60 ہوگئی ہے جن میں بشمول چیف منسٹر 27 کابینی اور 33 مملکتی وزراء ہیں۔ مارچ 2012 ء میں سماج وادی پارٹی کے برسر اقتدار آنے کے بعد کابینہ میں یہ چھٹویں توسیع ہے۔

ہیکرس کے خلاف سی بی آئی کارروائی
نئی دہلی۔/24جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) سی بی آئی نے اپنی نوعیت کے پہلے بین الاقوامی آپریشن میں ممبئی، پونے اور غازی آباد کے ایسے مقامات پر دھاوے کئے جنہیں ہیکنگ ہب کہا جاتا ہے یعنی کمپیوٹر اور انٹر نیٹ سے خفیہ اور کارآمد معلومات اُڑالینے والوں کی ٹولیاں جو مندرجہ بالا تین شہروں کے کئی مقامات پر سرگرم تھیں۔ امریکہ کی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی کی جانب سے ہیکرس سے متعلق اہم معلومات فراہم کی گئی تھیں اور اس طرح انفارمیشن ٹکنالوجی ایکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب پائے جانے والے ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔