لکھنؤ ۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی (آپ) نے آج سیاسی سطح کی رابطہ کمیٹی تشکیل دی ہے اور اس طرح لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کیلئے ایک علحدہ سکریٹریٹ بھی کھولا ہے۔ پارٹی ترجمان سنجے سنگھ نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ہر لوک سبھا کیلئے انچارجس کی تقرری عمل میں آئی ہے جبکہ امیدواروں کے ناموں کا فیصلہ کرنے کیلئے ریاستی سطح کی اسکریننگ کمیٹی کی تشکیل بھی عمل میں آئی ہے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یو پی میں عام آدمی پارٹی تقریباً تمام 80 نشستوں پر مقابلہ کرے گی اور کم و بیش ہر بڑے قائد کے خلاف اپنے امیدوار ٹھہرائے گی بشمول ایس پی سربراہ ملائم سنگھ اور بی ایس پی سربراہ مایاوتی۔ جب ان سے ایس پی کی حکمرانی کے بارے میں استفسار کیا گیا تو
انہوں نے کہا کہ اپنے ورکرس کی مبینہ غلط حرکتوں کی وجہ سے ملائم سنگھ کا اصل چہرہ عوام نے دیکھ لیا ہے کیونکہ ان ہی ورکرس ٹول پلازہ پر غنڈہ گردی کرتے ہوئے، انجینئرس کو زدوکوب کرتے ہوئے عوام دیکھ چکے ہیں اور دوسری طرف مظفرنگر فسادات سے نمٹنے میں
بھی یو پی حکومت کی کارکردگی قابل ستائش نہیں ہے۔ ایس پی اور بی ایس پی فی الحال ریاستی ماحول کو فرقہ واریت کا رنگ دینا چاہتے ہیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’آپ‘‘ ملک میں لوک سبھا کی 350 نشستوں پر مقابلہ کرے گی اور کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد نہیں کرے گی۔