یوپی حکومت کی صحت خدمات قابل مذمت : شیوسینا

ممبئی۔ 5 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) شیوسینا نے آج یوپی کی بی جے پی زیرقیادت حکومت پر کئی بچوں کی دواخانوں میں اموات کی بنیاد پر مذمت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یوپی میں صحت خدمات ’’یمدود‘‘ کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے ، جبکہ انھیں ’’دیودوت‘‘ ہونا چاہئے تھا ۔ شیوسینا نے الزام عائد کیا کہ حکومتی انتظامیہ خود آکسیجن پر ہے اور یہ مریضوں کو آکسیجن کیسے فراہم کرسکے گا ۔ ایک ماہ کے اندر اندر کم از کم 49 نومولود بچے فرخ آباد ضلع اسپتال میں فوت ہوگئے ، جن میں سے بیشتر تنفس کے امراض کے شکار تھے جس میں سانس لینے میں مشکل محسوس ہوتی ہے۔ یہ سانحہ گورکھپور کے سانحہ کا اعادہ تھا جہاں صرف دو دن کے اندر گزشتہ ماہ سرکاری اسپتال میں 30 بچے فوت ہوگئے تھے ۔ ان میں سے بیشتر بچوں کے والدین فرخ آباد کے تھے ۔ انھوں نے عہدیداروں سے کہاکہ نومولود بچوں کو آکسیجن اور ادویہ تاخیر سے فراہم کی گئیں۔ شیوسینا کے ترجمان سامنا کے ایک اداریہ میں کہا گیا ہے کہ صحت خدمات کو دیودوت سمجھا جاتا ہے لیکن یوپی میں وہ یمدود ثابت ہوئیں ۔