یوپی حکومت ملازمتیں فراہم کرنے اور کسانوں کی پریشانی دور کرنے سے قاصر : اکھلیش

لکھنو ۔ 25 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر سماج وادی پارٹی اکھلیش یادو نے الزام عائدکیا کہ یو پی کی بی جے پی حکومت ملازمتوں کے مواقع نوجوانوں کو فراہم کرنے اور کسانوں کو اُن کی فصلوں کی پُرکشش قیمت ادا کرنے سے قاصر رہی ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سماج کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے عوام مسائل کا شکار ہیں ۔ قرضدار کسان خودکشی کررہے ہیں ۔ نوجوانوں کا مستقبل تاریک ہے ۔ بی جے پی نوجوان نسل کے خواب چکناچور کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔ وہ لکھنو میں ایک پروگرام کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت کے دور میں ملازمتوں کے مواقع ختم ہوچکے ہیں ۔ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو طلبہ اپنے مسائل اٹھاتے ہیں انہیں جیل بھیج دیا جاتا ہے ۔ طالبات کو بھی پولیس کارروائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ گذشتہ سال طلبہ کے ایک گروپ بشمول دو لڑکیوں کو جو سماج وادی پارٹی کے طلبہ شعبہ سے تعلق رکھتے تھے لکھنو میں آدتیہ ناتھ کے قافلہ کو روک دیا اور سیاہ پرچم دکھاکر اُس کا استقبال کیا تھا لیکن انہیں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ۔ 20دن بعد عدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کیا تھا۔