یوپی الیکشن : داماد کے حق میں لالو یادو کی انتخابی مہم

لکھنؤ، 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو اترپردیش اسمبلی الیکشن کے لئے کل سے اپنے داماد کے حق میں تشہیر کے لئے انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔ تاہم، بہار میں مہا گٹھ بندھن میں ان کے اتحادی اور وزیر اعلی نتیش کمار خود کو ان انتخابات سے الگ رکھ رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق مسٹر لالو پرساد یادو ضلع گوتم بدھ نگر (نوئیڈا) کے سکندرآباد سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے ، جہاں سکندر آباد حلقہ سے ان کے داما د راہل یادو الیکشن لڑرہے ہیں۔ مسٹر لالو یادو سکندر آباد حلقہ میں کل تین انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے ۔ راہل یادو کی شادی لالو یادو کی بیٹی راگینی سے ہوئی ہے اور وہ غازی آباد میں رہتے ہیں۔ اس سے پہلے وہ کانگریس میں تھے ۔
جیہ للیتا کی موت مشتبہ، سینئر پارٹی لیڈر کا دعویٰ
چینائی۔ 7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ویٹرن آل انڈیا انا ڈی ایم کے لیڈر پی ایچ پانڈین نے آج جے جیہ للیتا کی موت کے بارے میں شبہات ظاہر کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کی پوئس گارڈن قیامگاہ پر جھگڑا ہوا تھا جس کے دوران انہیں ’’ڈھکیل کر گرایا گیا‘‘ اور وہ بیہوش ہوئیں۔ اس دعویٰ کے ساتھ پانڈین نے جیہ للیتا کی قریبی مددگار وی کے ششی کلا و چیف منسٹر ٹاملناڈو بنانے کی شدت سے مخالفت کی ہے۔ انا ڈی ایم کے سربراہ اور سابق چیف منسٹر کی موت کے بارے میں تنازعہ کے نئے موڑ میں سابق اسپیکر اسمبلی پانڈین نے سارے معاملہ میں کچھ نہ کچھ گڑبڑ ہونے کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ جیہ للیتا کی موت غیرفطری حالات میں بھی اور ان کو دواخانہ میں شریک کرانے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
جیہ للیتا کو یہاں اپولو ہاسپٹل میں 22 ستمبر کو شریک کرایا گیا تھا اور اپنی زندگی کیلئے 75 روزہ جدوجہد کے بعد ان کا 5 ڈسمبر کو انتقال ہوگیا۔