یونس خان کی 6 سال بعد سنچری کے باوجود پاکستان کو شکست

ابوظبی۔18 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سینئر بیٹسمین یونس خان کی 6 سال بعد سنچری کے باوجود پاکستان کو یہاں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ونڈے میں نیوزی لینڈ کے خلاف 7رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی اور سیریز 2-2 سے برابر ہوچکی ہے۔299کے جواب میں پاکستانی ٹیم آٹھ وکٹ پر 292رنز بناسکی۔ سیریز کا فیصلہ کن میچ جمعہ کا ابوظبی میں ہی کھیلا جائے گا۔ یونس خان نے 117گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 103 رنز اسکور کئے انہیں ڈینیل ویٹوری نے کلین بولڈ کیا۔ یہ یونس خان کی 2008 کے بعد ونڈے کرکٹ میں پہلی اور کیریئر کی ساتویں سنچری ہے۔ پاکستان نے ہمالیائی اسکورکا تعاقب مایوس کن انداز سے کیا،59 پر تین اور 82 پر چار ٹاپ بیٹسمین آوٹ ہوگئے تھے۔ ان فارم بیٹسمین احمد شہزاد پہلے ہی اوور میں صفر،محمد حفیظ تین ، حارث سہیل 13 اور ناصر جمشید 30 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ یونس خان نے عمر اکمل کے ساتھ اسکور کو 172 تک پہنچایا،

اس موقع پر عمر بدقسمتی سے بولر کے ہاتھ گیند نان اسٹرائیکر اینڈ پر وکٹ پر لگنے سے رن آوٹ ہوئے، انہوں نے 29 رنز بنائے۔کپتان شاہد آفریدی نے ایک اور برق رفتار اننگز کھیلی وہ 25 گیندوں پر 49رنز بنا کر پویلین لوٹے۔انہوں نے دو چھکے اور پانچ چوکے لگائے۔ان کی 66 رنز کی شراکت نے اسکور کو 238 تک پہنچادیا۔ سرفراز احمد تیز رفتاری سے کھیلنے کی کوشش میں 18رنز پر آوٹ ہوئے۔ سہیل تنویر 11 اور انور علی 20 پر ناٹ آوٹ رہے۔قبل ازیں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان کین ولیمسن کی دھواں دار سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے پانچ وکٹ پر 299 رنز بنائے۔ پاکستان کیفاسٹ بولر ایک مرتبہ پھر اختتامی اوورز میں بری طرح ناکام رہے۔ دس اوورز میں نیوزی لینڈ نے91رنز بنا کر پاکستانی بولنگ کی قلعی کھول دی۔ ولیمسن 123رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ کپتان نے 58ویں میچ میں چوتھی ونڈے سنچری بنائی۔