یونس خان ریٹائرمنٹ سے قبل ٹسٹ ٹیم کی قیادت کے خواہاں

کراچی ۔ 22 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کے ریکارڈ ساز ٹسٹ بیٹسمن یونس خان نے ایک بار پھر کریئر کے اختتام سے قبل ٹسٹ ٹیم کی کپتانی کی خواہش ظاہر کردی۔37 سالہ اسٹار کے مطابق وہ اب بھی ونڈے کرکٹ کھیل کر پاکستان کی قومی ٹیم کی کامیابی میں حصہ ادا کرسکتے ہیں اور وہ اپنے کریئر کا خاتمہ قومی کپتان کی حیثیت سے کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر ان سے قیادت کیلئے کہا گیا تو وہ لازمی طور پر ایک مرتبہ پھر یہ چیلنج قبول کر لیں گے۔ پاکستان کیلئے سب سے زیادہ ٹسٹ سنچریوں کے مالک یونس پاکستانی ٹیم کی تینوں فارمٹس میں قیادت کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں لیکن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ایک بغاوت کے نتیجے میں انہیں کپتانی کا تاج سر سے اتارنا پڑا تھا۔ یونس کے مطابق قیادت کسی بھی سینئر کیلئے ایک بڑا اعزاز ہوتی ہے اور انہیں موجودہ ٹسٹ ٹیم کی کپتانی کرکے اچھا محسوس ہوگا تاہم انہوں نے اصرار کیا کہ ناقدین ان کا موازنہ مصباح الحق سے کرکے انصاف نہیں کر رہے۔