یونس خان دوبارہ کپتان بننے کے خواہاں

دبئی۔24 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین یونس خان نے ٹسٹ ٹیم کی قیادت میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان کرکٹ بورڈ نے قیادت کی پیشکش کی وہ ضرور غور کریں گے۔آواری ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیم سابق کپتان اور عصر حاضر کے نمایاں پاکستانی بیٹسمین یونس خان نے ٹسٹ کرکٹ کی کپتانی کے سوال پر یونس خان نے کہا کہ اگر پی سی بی نے مصباح الحق کی جگہ انہیں کپتان بنانے کی پیشکش کی تو اس بارے میں ضرور غور کریں گے۔یاد رہے کہ ٹسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اپنے کیریئر کے اختتامی دور سے گزر رہے ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ ٹی20 اور ونڈے میچوں کے بعد ٹسٹ ٹیم کی قیادت بھی سرفراز احمد کوسونپنے پر غور کر رہا ہے لیکن اس سلسلے میں نائب کپتان اظہر علی کا نام بھی زیر غور ہے۔ 115 ٹسٹ اور 265 ونڈے میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے تجربہ کار یونس نے کہا کہ ٹسٹ کرکٹ میں 10ہزار رنز مکمل کرنے کے بعد بھی کیریئر جاری رکھیں گے کیونکہ ابھی ان میں رنز بنانے کی بھوک ختم نہیں ہوئی۔یونس خان نے 115 ٹسٹ میچوں میں 52.39 کی اوسط سے 9977 رنز بنائے ہیں جس میں 34 سنچریاں شامل ہیں اور انہیں دس ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے کیلئے محض 23 رنز درکار ہیں۔مایہ ناز کھلاڑی نے کہا کہ وہ مزید کتنے سال کھیلتے رہیں گے اس کا انحصار فارم اور فٹنس پر ہے تاہم ان کی خواہش ہے کہ وہ پاکستان کی جانب سے 10ہزار رنز بنانے والے پہلے بیٹسمین بنیں اور اس کے بعد بھی ملک کی نمائندگی کرتے رہیں۔پاکستان سوپر لیگ میں پشاور زلمی سے منسلک یونس خان نے کہا کہ انہوں نے اپنے کیرئیر میں بہت کھٹن وقت دیکھا اور خود پر ہونے والی تنقید کو ہمیشہ مثبت لیا۔حال ہی میں پاکستان سوپر لیگ میں سر اٹھانے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے حوالے سے یونس نے کہا کہ ایسے گھناؤنے کام کی تہہ تک جانا چاہیے کہ ایسے کام ہوتے کیوں ہیں، فکسنگ کے مکمل خاتمے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ڈومیسٹک اسٹرکچر بہتر بنانا ہو گا۔