یونس اور مصباح کی سنچریاں ، پاکستان کو 123 رنز کی سبقت

ابوظہبی۔ یکم جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار اور سینئر بیٹسمین یونس خان نے اپنے کیرئیر کی 23 ویں ٹسٹ سنچری اور کپتان مصباح الحق نے اپنے کیرئیر میں پانچویں مرتبہ 100 رنز کے ہندسہ کو عبور کرتے ہوئے یہاں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹسٹ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر ٹیم کو 123 رنز کی سبقت دلانے میں اہم رول ادا کیا۔ یونس خان نے 198 گیندوں میں 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 136 رنز اسکور کرنے کے علاوہ کپتان مصباح الحق کے ہمراہ چوتھی وکٹ کیلئے 218 رنز کی پارٹنرشپ ایسے موقع پر نبھائی جب پاکستانی ٹیم 83 کے مجموعی اسکور پر ہی اپنے ابتدائی تین وکٹوں کا نقصان برداشت کیا تھا ۔

علاوہ ازیں مصباح الحق نے 250 گیندوں میں 13 چوکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 105 رنز اسکور کرنے کے علاوہ پانچویں وکٹ کیلئے اسد شفیق کے ہمراہ غیرمفتوح 26 رنز کی پارٹنرشپ نبھا لی ہے ۔ ٹیم کے نوجوان بیٹسمین شفیق نے 50 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 12 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ پاکستانی ٹیم نے اپنے کل کے اسکور 46/1 سے آگے کھیلنا شروع کیا لیکن سری لنکائی بولروں نے 13 رنز کے بعد ہی آج صبح پہلی کامیابی اُس وقت حاصل کی جب ونڈے کے ان فارم بیٹسمین محمد حفیظ کو لکمل نے سلوا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا ۔ محمد حفیظ آؤٹ ہونے سے قبل 18 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 11 رنز اسکور کئے ۔ 24 رنز کے اضافہ کے بعد سری لنکائی بولروں نے تیسری کامیابی اُس وقت حاصل کی جب ٹسٹ کیرئیر کا پہلا مقابلہ کھیل رہے احمد شہزاد کو اسپنر ایرنگا نے کرونا رتنے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا ۔ احمد شہزاد جنھوں نے اپنی مختصر اننگز کے دوران متاثرکن بیٹنگ کی تاہم وہ 83 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 38 رنز اسکور کرپائے ۔ 13 رنز اور پھر 24 رنز کے وقفہ پر دو وکٹیں حاصل کرتے ہوئے سری لنکائی ٹیم نے مقابلے میں واپسی کی کوشش کی لیکن پاکستان کے دو تجربہ کار بیٹسمینوں نے ذمہ دارانہ سنچریاں اسکور کرتے ہوئے مقابلے پر گرفت مضبوط کی ۔ سری لنکا کیلئے ایرنگا نے 63 رنز کے عوض دو اور لکمل نے 84 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔