یونانی تحقیقاتی مرکز کو ترقی کیلئے ممکنہ تعاون

کرنول ۔ 25 ۔ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مریضوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آنے کی وجہ سے مریض کی آدھی بیماری ختم ہوجاتی ہے ۔ خدمت انسانی میں مریض کی خدمت اور اسے بیماری سے نجات دلانا ایک عظیم خدمت ہے ان خیالات کا اظہار رکن پارلیمنٹ کرنول محترمہ بُٹارینو نے رکن اسمبلی مسٹر یس وی موہن ریڈی کے ساتھ کلینک ریسرچ یونٹ ( یونانی ) موقوعہ ڈاکٹر عبدالحق یونانی میڈیکل کالج و ہاسپٹل کے دورے کے موقع پر سنٹر کا معائنہ کرتے ہوئے کیا ۔ قبل ازیں سنٹر کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر ڈاکٹر جواد الحق نے دونوں قائدین کا سنٹر میں خیرمقدم کیا ۔ دوران معائنہ دونوں قائدین نے مرکزی حکومت اور محکمہ ایوش کی جانب سے مادہ پرستی کے دور میں مریضوں کو ایک دن کی دوا صرف ایک روپئے میں فراہم کرنے پر خوب ستائش کی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر جواد الحق نے مختلف بیماریاں جیسے بواسیر ، خونی دباو ، نزلہ ، وجع المفاصل ، ضعف اشتھاء ، وجع الاستان ، اسھال اور دیگر بیماریوں کیلئے طب یونانی کی موثر ترین دوائیں مریضوں کو فراہم کی جانے سے متعلق آگاہ کیا ۔ دونوں قائدین اس بات کا تیقن دیا کہ سنٹر کی ترقی اور مسائل سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائیگا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر یم رمیش ، ضلع میناریٹی سیل ، کنوینر وائی ایس آر سی پی عبدالحفیظ خان ، سابق صدر ریاستی وقف بورڈ جناب الیاس سیٹھ اور دیگر موجود تھے ۔