نئی دہلی ۔ 16 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وزیر اعظم نریندر مودی نے آج بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت دی ہے کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی سالگرہ کے موقع پر 25 دسمبر کو بہترین حکمرانی کے موضوع مختلف پروگرامس بشمول سمینارس اور کانفرنسیں منعقد کریں ۔ قبل ازیں وزیر اعظم نے یہ اعلان کیا تھا کہ مذکورہ دن ملک گیر سطح پر یوم بہترین حکمرانی منایا جائے گا ۔ اور بتایا کہ یہ پروگرام دراصل واجپائی کی زیر قیادت سابق NDA حکومت نے شروع کیا تھا ۔ اس موقع پر کلین انڈیا مہم ، بہترین حکمرانی پر بی جے پی لیڈروں کی جانب سے مباحثے اور مذاکرات طرز حکمرانی کو بہتر بنانے کے لیے عوام سے رائے کی طلبی ، سابق این ڈی اے حکومت اور موجودہ حکومت کی کارگذاری پر لٹریچر کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی ۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں مجوزہ پروگرام کی وضاحت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ واجپائی کی سالگرہ کے موقع پر سماجی خدمات انجام دینے کے لیے سرکاری دواخانوں میں بلانکٹس اور دیگر اشیاء کی تقسیم ہیلت اور آئی ( آنکھوں ) اور خون کا عطیہ کیمپس منعقد کئے جائیں ۔
وزیراعظم کے علاوہ وزیر فینانس ارون جیٹلی اور وزیر پارلیمانی امور وینکیا نائیڈو نے بھی بہترین حکمرانی اور پارلیمنٹ میں جاریہ تعطل پر مخاطب کیا ۔ جب کہ مسٹر ارون جیٹلی نے بتایا کہ حکومت پارلیمنٹ میں بلز کی منظوری کے لیے ممکنہ کوشش کرے گی اور اپوزیشن کے ایجنڈہ سے خوفزدہ نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں پارلیمنٹ میں غیر ضروری مسائل اٹھا کر قیمتی وقت ضائع کررہے ہیں ۔ مملکتی وزیر پارلیمانی امور مسٹر مختار عباس نقوی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں پارلیمنٹ کے جاریہ اجلاس میں بامقصد مباحث کی بجائے بیجا احتجاج کررہی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن کا یہ ایجنڈہ ہے کہ پارلیمنٹ میں کوئی قانونی بل منظور نہ ہونے پائے جب کہ حکومت ہر قیمت پر بلز منظور کروا کے رہے گی ۔ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں مرکزی وزراء راجناتھ سنگھ ، سشما سوراج اور نین گڈگری بھی شریک تھے۔۔