نئی دہلی 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے یوم اساتذہ کے موقع پر اساتذہ سے خواہش کی کہ وہ اُن کے طلبہ کے دوست، فلسفی اور روشنی کا مینار بن جائیں۔ اپنے پیغام میں مکرجی نے کہا کہ اساتذہ شمعوں کی مانند ہیں جو خود جلتی ہے لیکن دوسروں کو روشنی بخشتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستانی اپنے گروؤں کی مقدس روایت کے وارث ہیں۔ سنت مہاتماؤں نے بے غرضی کے ساتھ ہمارے ذہنوں کی آبیاری کی تھی اور ہمیں دانشور بنایا تھا۔ ہمارا سماج بے حد وسیع ہے خاص طور پر طلبہ کو اپنے اساتذہ کا انتہائی احترام کرنا چاہئے اور اُن سے عقیدت رکھنی چاہئے اس کے بدلے اساتذہ کو بھی خود کو طلبہ کی خدمت کیلئے وقف کردینا چاہئے اور نوجوانوں کے ذہنوں میں ضروری تمدنی اقدار گہرائی تک اتاردینی چاہئے ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ وہ پوری اساتذہ برادری کو مبارکباد پیش کرتے اور قوم کیلئے اُن کی شاندار خدمات پر اُن کے مشکور ہیں۔ انہوں نے سابق صدر سروے پلی رادھا کرشنن کو راشٹرپتی کے دربار ہال میں پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا ۔وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی آج آنجہانی صدر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ رادھا کرشنن اب بھی پورے ملک کیلئے سرچشمہ وجدان بنے ہوئے ہیں۔ وہ ایک استاد، محقق اور سیاستداں تھے۔ مودی نے اس موقع پر تمام اساتذہ کو بھی مبارکباد پیش کی۔