یوسین بولٹ کی بولنگ سے ہربھجن کافی متاثر

نئی دہلی ۔ 3 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کامیاب ترین آف اسپنر ہربھجن سنگھ جنہیں دو ماہ کے دوران عالمی شہرت یافتہ اسپورٹس کے دو لیجنڈ کھلاڑیوں سے ملاقات اور ان سے تبادلہ خیال کا موقع ملا ہے جیسا کہ پہلے انہوں نے فٹبال کے عظیم کھلاڑی پلے اور اب یوسین بولٹ سے ملاقات کی ہے۔ یوسین بولٹ کے ہمراہ بنگلور میں منعقدہ ایک نمائشی مقابلہ کے دوران ہربھجن سنگھ نے کرکٹ کھیلی ہے اور اپنے اس تجربہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ کرکٹ یوسین بولٹ کے خون میں موجود ہے۔ ہربھجن سنگھ کے بموجب انہوں نے بولٹ کو قریب سے کرکٹ کھیلتا ہوا دیکھا ہے اور بولٹ کی بولنگ اور ان کے ایکشن سے وہ کافی متاثر ہوئے ہیں۔ ہربھجن سنگھ نے مزید کہا کہ یوسین بولٹ ان کے اور یوراج سنگھ کے قریب پہنچ کر ملاقات کے ساتھ ہی کہا کہ وہ کرکٹ کے چند سنسنی خیز مقابلوں میں ان کے کھیل کا مشاہدہ کیا ہے جو یقیناً ایک شاندار تجربہ ہے۔ بولٹ گزشتہ رات چنا سوامی اسٹیڈیم میں انہیں کرکٹ کھیلتا دیکھنے کی غرض سے پہنچنے والے شائقین سے کافی انکساری سے ملاقات کی جو کافی متاثر کن بھی رہی۔