یورو کپ : فرانس، جرمنی،بلجیم کی کوارٹرز میں رسائی

پیرس ، 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) عالمی چمپئن جرمنی، میزبان فرانس اور بلجیم نے یورو 2016ء کے ناک آؤٹ مرحلے میں اپنے اپنے میچوں میں کامیابی حاصل کر کے کوارٹر فائنل مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ اس مرحلے کے کل دوسرے روز تین مقابلے کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں فرانس نے جمہوریہ آئرلینڈ کو، دوسرے میں جرمنی نے سلوواکیہ اور آخری مقابلہ میں بلجیم نے ہنگری کو شکست دے دی۔ اس ایونٹ کی پسندیدہ میزبان ٹیم فرانس کے خلاف آئرلینڈ نے میچ کے آغاز میں ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرے منٹ میں پنالٹی پر گول کر کے برتری حاصل کی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔ 57ویں منٹ میں فرانس کے اینٹوئن گریزمین نے بہترین گول کے ذریعہ اسکور مساوی کیا۔ ابھی آئرش ٹیم اس گول کے صدمے سے نکل بھی نہ پائی تھی کہ گریز مین نے 61 ویں منٹ میں دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کو 2-1 کی برتری دلائی جو میچ کے آخر تک برقرار رہی۔ شین ڈفی کو 66 ویں منٹ میں ریڈ کارڈ دکھانے کے باوجود آئرلینڈ نے دس کھلاڑیوں کے ساتھ عمدہ کھیل پیش کیا۔
٭   دوسرے میچ میں پسندیدہ جرمنی نے سلوواکیہ کو بہ آسانی 0-3 سے شکست دی اور کوارٹرفائنل میں پہنچا ۔ جرمنی نے میچ کے آغاز سے ہی اپنی برتری ثابت کی اور 8 ویں منٹ میں بوئٹنگ کے گول کی بدولت 0-1 کی برتری حاصل کی، کھیل کے 14ویں منٹ میں میسٹ اوزل کو برتری دگنی کرنے کا موقع ملا لیکن انہوں نے پنالٹی ضائع کردی۔ پہلا ہاف ختم ہونے سے دو منٹ قبل گومز نے 43 ویں منٹ میں برتری کو دوگنا کردیا۔ سلوواکیہ دوسرے ہاف میں بھی گول کرنے میں ناکام رہا جبکہ جرمنی کے ڈریکسلر نے 63 ویں منٹ میں گول کرلیا اور اپنی جیت کو یقینی بنادیا۔
٭   بلجیم نے ہنگری کو 0-4 سے شکست دے کر حریفوں کو ایونٹ سے باہر کردیا۔ بلجیم پورے میچ میں چھایا رہا اور گول کا سلسلہ 10 ویں منٹ میں شروع کیا جس میں تیزی دوسرے ہاف کے اواخر میں آئی جب 78 ویں منٹ میں بیتشعائی نے گول کرکے برتری کو دوگنا کردیا۔ ایک منٹ بعد ہی ہیزارڈ نے ایک اور گول کیا۔ 90 ویں منٹ میں کیراسکو نے گول کرکے بلجیم کی برتری 0-4 کر کے ہنگری کی ہار پر مہر ثبت کردی۔