انقرہ ۔ /3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر ترکی رجب طیب اردغان نے یوروپ پر بحر روم کو سیاسی پناہ گزینوں کے قبرستان میں تبدیل کردینے کا الزام عائد کیا ۔ انقرہ میںG20 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اردغان نے کہا کہ یوروپی ممالک نے بحر روم کو قبرستان بنادیا ہے اور ہر پناہ گزین کی موت کے جرم میں وہ بھی برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے شامی کرد تین سالہ لڑکے ایلان کی تصویر دکھائی جس کی نعش کل ترکی کے ساحل پر دستیاب ہوئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ بحر روم میں پناہ گزینوں کو لے جانے والی کشتی میں یہ سوار تھا جو غرقاب ہوگئی ۔ انہوں نے کہا کہ سمندر میں صرف پناہ گزین غرقاب نہیں ہوئے بلکہ ہماری انسانیت بھی غرقاب ہوگئی ۔ ہمارے اقدار بھی اس میں ڈوب گئے ۔ اردغان نے مغربی ممالک پر دوہرا معیار اختیار کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں ۔