نئی دہلی۔ 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل 2015ء میں بائیں ہاتھ کے بیٹسمین یوراج سنگھ سب سے مہنگے ترین کھلاڑی ثابت ہوئے تھے جنہیں دہلی ڈیر ڈیولس نے تقریباً 16 کروڑ روپئے میں حاصل کیا تھا جو کہ اس ٹیم کیلئے مہنگے ترین سودا ثابت ہوا، کیونکہ یوراج سنگھ رواں سیزن کامیاب نہ ہوسکے۔ 14 مقابلوں میں یوراج سنگھ 19.07 کی اوسط سے 248 رنز اسکور کئے اور ان کا اسٹرائیک ریٹ 118.09 رہا۔ اس طرح دہلی ڈیرڈیولس کیلئے یوراج سنگھ نے دو نصف سنچریوں کے ذریعہ جو رنز اسکور کئے، اس میں ہر ایک رن کی قیمت 8.5 لاکھ روپئے بنتی ہے۔ دہلی کا رواں سیزن مظاہرہ انتہائی مایوس کن رہا جیسا کہ اس نے 14 مقابلوں میں 11 نشانات کے ذریعہ 8 ٹیموں کے جدول میں ساتواں مقام حاصل کیا ہے۔