یوراج کے گھر پر پتھراؤ کا میڈیا ذمہ دار : دھونی

میرپور۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے شہر میرپور کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں منعقدہ ورلڈکپ کے فائنل میں شکست کے چند گھنٹے بعد ہندوستانی کرکٹ ٹیم ڈھاکہ کے شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ممبئی کیلئے روانہ ہوئی تو کپتان مہندر سنگھ دھونی فوجی عہدیدار کے لباس میں ملبوس تھے۔وہ خاکی پینٹ،لانگ شوز اورفوجیوں کی ٹی شرٹ اور کمر پربیگ پیکر لٹائے ہوئے سب سے منفرد دکھائی دے رہے تھے جبکہ دیگر کھلاڑیوں نے ٹیم کی شرٹ پہنی ہوئی تھی۔ یاد رہیکہ فوج نے گذشتہ سال دھونی کو اعزازی طور پر لیفٹنینٹ کرنل مقررکیا تھا اور دھونی نے کہا تھا کہ وہ کرکٹ چھوڑ کر یقینی طور پر فوج میں خدمات انجام دیں گے۔

دھونی نے چندی گڑھ میں یوراج سنگھ کے گھر پر مشتعل شائقین کی جانب سے پتھراؤ کی خبر دلچسپی سے سنی اور ان کی باتوں سے لگ رہا تھا کہ وہ اس خبر سے لاعلم ہیں یا وہ اس بارے میں اپنی رائے نہیں دینا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب میڈیا کی وجہ سے ہوتا ہے۔ لوگ مشتعل ہوجاتے ہیں ہندوستان اور پاکستان میں میڈیا اور خاص طور پر الیکٹرانک میڈیا موضوع کو اور بھڑکاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کو کھیل کی طرح دیکھنا چاہئے۔ کرکٹ ہماری زندگی ہے لیکن کرکٹ سے ہٹ کر بھی کوئی زندگی ہے اس لئے میں دباؤ کو گرائونڈ میں چھوڑ آتا ہوں۔ دھونی سے یوراج سنگھ کی فائنل میں کارکردگی کے بارے میں استفسار کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس بارے میں کسی اور وقت بات کریں گے یہ موقع نہیں ہے۔