یوراج کے سامنے میں کلب کرکٹر لگ رہا تھا:کوہلی

برمنگھم۔5 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا کہ جب پاکستان کے خلاف ٹیم کے سینئر بیٹسمین یوراج سنگھ اپنی پوری لے میں کھیل رہے تھے تو میں خود کو ایک کلب کرکٹر محسوس کررہا تھا۔کوہلی نے مزید کہا کہ میں نصف سنچری کی تکمیل کے بعد بھی تیزی سے رنز نہیں بناپارہا تھا لیکن یوراج نے تیزی سے رنز بناکر میرے دباؤ کو ختم کیا۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اپنے پہلے مقابلے میں دیرینہ حریف پاکستان کو شرمناک شکست دینے کے بعد ہندوستانی کپتان کوہلی نے اپنے بیٹسمینوں اور بولروں کی کھل کر تعریف کی ساتھ ہی انہوں نے فیلڈنگ بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔ ہندوستان نے 48 اوور میں تین وکٹ پر 319 رنز کا بڑا اسکور بنانے کے بعد بارش سے متاثرہ مقابلے میں پاکستان کو 33.4 اوور میں 164 رن پر ڈھیر کر 124 رن سے میچ اپنے نام کر لیا۔کوہلی نے میچ ختم ہونے کے بعد کہا ہم نے گیند اور بیٹ سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس کے لئے میں ٹیم کو 10 میں سے 9 نمبر دوں گا، لیکن فیلڈنگ میں ہم آج چھ پوائنٹس کے برابر ہی تھے ۔ ٹورنمنٹ میں مضبوط ٹیموں کے خلاف ہونے والے مقابلے کے لئے ہمیں اپنی فیلڈنگ کو بہتر کرنا ہوگا۔ ہندوستانی فیلڈروں نے اس بڑے مقابلے میں کم از کم تین آسان کیچ چھوڑے ۔میچ میں ہندوستان کے چار بیٹسمینوں نے نصف سنچریاں بنائیں۔ روہت شرما (91)، کوہلی (ناٹ آؤٹ 81)، شکھر دھون (68) اور مین آف دی میچ یوراج سنگھ (53) نے بہترین اننگز کھیلی جس کی بدولت ہندوستان تین وکٹ پر 319 رن کا بڑا اسکور بنانے میں کامیاب رہا۔کوہلی نے اپنے اوپنروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا شکھر اور روہت نے ٹیم کو مضبوط آغازدلایا۔ پچھلی مرتبہ ہم جب یہاں خطاب جیتے تھے تو ہمارے اوپنروں نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ روہت نے کچھ وقت لیا لیکن وہ چوٹ کے بعد واپسی کر رہے ہیں اور بین الاقوامی کرکٹ آئی پی ایل سے مختلف ہے۔ہندوستانی کپتان نے کہا شکھر کے علاوہ یوراج بھی کافی اچھی فارم میں تھے اور ان کے سامنے میں کلب کرکٹر لگ رہا تھا۔ آخری اوور میں ہاردک کی کارکردگی بھی بہترین تھی۔ اس جیت سے یقینی طور پر ٹیم کے حوصلے کافی بلند ہوئے ہیں اور کھلاڑیوں کا اعتماد بھی بڑھا ہے ۔دوسری جانب پاکستان کے خلاف دھماکہ خیز اننگز کھیلنے والے مین آف دی میچ یوراج سنگھ نے جیت کا سہرا ٹیم کی شاندار بیٹنگ کو دیا۔یوراج نے 32 گیندوں میں 53 رن کی اپنی دھماکہ خیز اننگز میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ان کی اس کارکردگی کی بدولت ہندوستانی ٹیم تین وکٹ پر 319 رن کا بڑا اسکور بنانے میں کامیاب رہی یوراج کو ان کی اس شاندار کارکردگی کے لئے مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔یوراج نے کہا مجھے لگتا ہم سب نے اچھی بیٹنگ کی۔ ہمارے اوپنرو روہت اور شکھر کی اننگز نے ہمیں کھل کر کھیلنے کا موقع دیا۔ آخر میں ویراٹ اور ہاردک نے کمال کی بیٹنگ کی۔ گیند ہلکی ریورس سوئنگ ہو رہی تھی لیکن میرے ایریا میں گیند آئی تو میں نے ہٹ کیا۔ یوراج کو 38.4 اوور میں شاداب خان کی گیند پرایک موقع ملا۔ یوراج نے کہا میں خوش قسمت تھا کہ میرا کیچ چھوٹ گیا لیکن اس کے بعد میں گیند کو ہٹ کرنے کے لائق ہوگیا تھا۔ میں نے شاندار اختتام کیا۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلہ ہمیشہ بڑا ہوتا ہے اور مجھے لگتا ہے کہ ٹورنمنٹ کے لئے اس سے ہمیں ایک اچھا پلیٹ فارم ملا ہے ۔