بنگلور۔ 12؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ ناقص فارم کی وجہ سے ہندوستانی ونڈے ٹیم کا حصہ بننے میں ناکام رہنے والے بائیں ہاتھ کے جارحانہ بیٹسمین یوراج سنگھ آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن کی نیلامی کے کامیاب ترین کھلاڑی ثابت ہوئے، جیسا کہ انھیں رائل چیالنجرس بنگلور نے 14 کروڑ روپئے میں حاصل کیا ہے۔ علاوہ ازیں وکٹ کیپر بیٹسمین دنیش کارتک دوسرے ایسے کامیاب ترین کھلاڑی ثابت ہوئے ہیں جنھیں دہلی ڈیرڈیولس نے 12.5 کروڑ روپئے میں حاصل کیا ہے۔ یوراج سنگھ اور دنیش کارتک حالانکہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے مستقل رکن نہیں ہیں، لیکن وہ آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن میں نیلامی کے کامیاب ترین کھلاڑی ثابت ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں انگلینڈ کے متنازعہ بیٹسمین اور سابق کپتان کیون پیٹرسن بھی بہترین قیمت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، جیسا کہ انھیں دہلی ڈیرڈیولس نے 9 کروڑ روپئے میں حاصل کرلیا ہے، حالانکہ انگلش کرکٹ بورڈ نے ان کے کریر کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اُبھرتے آل راؤنڈر کوری جیمس اینڈرسن جنھوں نے 1996ء میں پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی جانب سے 37 گیندوں میں بنائی جانے والی تیز رفتار عالمی ریکارڈ سنچری کا ریکارڈ 36 گیندوں میں بناتے ہوئے توڑا ہے اور ان کے متعلق اُمید کی جارہی تھی کہ وہ آئی پی ایل کے مہنگے ترین کھلاڑی ہوں گے، لیکن ممبئی نے انھیں 4.5 کروڑ روپئے میں حاصل کرلیا۔ آسٹریلیائی فاسٹ بولر میچل جانسن کو کنگس الیون پنجاب نے 6.5 کروڑ روپئے میں حاصل کرلیا ہے۔
پنجاب نے آسٹریلیائی آل راؤنڈر گلین میکسویل کو 6 کروڑ روپئے میں حاصل کیا ہے جب کہ جنوبی افریقی آل راؤنڈر جیکس کیلس دوبارہ کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کا ہی حصہ بنے ہیں جنھیں کے کے آر نے 5.5 کروڑ روپئے میں حاصل کیا ہے۔ ہندوستانی ٹسٹ اوپنر مرلی وجئے 5 کروڑ روپئے میں دہلی ڈیرڈیولس کے لئے اپنی خدمات فراہم کریں گے۔ رابن اُتھپا کے کے آر کی ملکیت 5 کروڑ روپئے میں بنے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کے اُبھرتے فاسٹ بولر محمد سمیع کو دہلی ڈیرڈیولس نے 4.25 کروڑ روپئے میں حاصل کرلیا ہے۔ ناقص مظاہرہوں کی وجہ سے ہندوستان کے جارحانہ اوپنر اور دہلی ڈیرڈیولس کے سابق کپتان ویریندر سہواگ کو کنگس الیون پنجاب نے 3.2 کروڑ روپئے کی قیمت میں نے حاصل کیا۔ آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن میں پٹھان برادران کی آمدنی میں کمی ہوئی ہے، جیسا کہ کے کے آر نے یوسف پٹھان کو 3.25 کروڑ روپئے اور عرفان پٹھان کو سن رائیزرس حیدرآباد نے 2.4 کروڑ روپئے میں حاصل کیا۔ کھلاڑیوں کی نیلامی میں سب سے حیران کن نتائج وہ رہے، جب سری لنکا کے بیشتر کھلاڑیوں کا کوئی خریدار نہیں رہا، کیونکہ سری لنکائی ٹیم کے کھلاڑی ٹورنمنٹ کے دوران تمام مقابلوں کے لئے دستیاب نہیں رہیں گے۔ علاوہ ازیں سری لنکائی ٹیم کے سابق کپتان مہیلا جئے وردھنے جنھوں نے بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ ٹسٹ سیریز میں ڈبل سنچری اسکور کی، ان کے ہمراہ آسٹریلیائی ٹیم کے ٹوئنٹی 20 کے ماہر تصور کئے جانے والے کیمرون وائیٹ جنھوں نے انگلینڈ کے خلاف حالیہ منعقدہ 3 مقابلوں کی ٹوئنٹی 20 سیریز میں شاندار مظاہرہ کیا ہے، وہ بھی ان کھلاڑیوں میں شامل رہے جن کا کوئی خریدار نہیں رہا۔
ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر مارلون سیمولس، آسٹریلیا کے فاسٹ بولر ڈینیل کرسٹین اور انگلینڈ کے بیٹسمین ایان بیل کو کسی نے نہیں خریدا۔ آسٹریلیائی وکٹ کیپر میتھیو ویڈ، بیٹسمین ڈیوڈ ہسی اور سبکدوش فاسٹ بولر بریٹ لی کے لئے بھی حالات مشکل ترین تھے، کیونکہ انھیں بھی کھلاڑیوں کی نیلامی کے پہلے دن کسی نے نہیں خریدا ہے، لیکن اُمید ہے کہ ان کھلاڑیوں میں کسی کا انتخاب کل نیلامی کے دوسرے دن ہوگا۔ یہاں ایک شاندار تقریب جس میں کھلاڑیوں کی نیلامی کی گئی تھی، اس موقع پر کنگس الیون پنجاب کی مشترکہ مالکہ پریتی زنٹا، کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کی مشترکہ مالکہ جوہی چاؤلہ، تاجر وجئے ملیا، ممبئی انڈینس کی مالکہ نیتا امبانی کے علاوہ راجستھان رائلس کے راہول ڈراویڈ اور ممبئی انڈینس کے انیل کمبلے موجود تھے جوکہ یہاں کھلاڑیوں کی نیلامی کا راست مشاہدہ کررہے تھے۔