نئی دہلی۔16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ روی شاستری کے حالیہ بیان کے بعد یوراج سنگھ اور سریش رائنا کے علاوہ اجنکیا رہانے کی ورلڈ کپ کھیلنے کی امیدیں ختم ہوتی دکھائی دے رہی ہیں کیونکہ شاستری نے کہا کہ ونڈے ٹیم میں اب کوئی چھیڑ چھاڑ اور تبدیلی نہیں کی جائے گی جیسا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف پانچ جون کو ورلڈ کپ کے افتتاحی مقابلے سے پہلے اب ہندوستان کو صرف 13 میچ مزید کھیلنے ہیں۔ شاستری نے اشارہ دیا کہ اب سے وہ ان 15 کھلاڑیوں کے ساتھ ہی کھیلیں گے ، جن کے ورلڈ کپ کیلئے انگلینڈ جانے کا امکان ہے۔ آسٹریلیا کے دورہ پر روانہ ہونے سے قبل منعقدہ پریس کانفرنس میں شاستری نے واضح کیا کہ ہم ان 15 کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع دیں گے جو ورلڈکپ کیلئے جائیں گے۔ اب تبدیلیاں نہیں ہوں گی۔ تبدیلیوں کا وقت ختم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہیکہ اپنی توجہ مرکوزکریں اور ٹیم کے طور پرکھیلیں اورپھر امیدکرتے ہیںکہ زخمی کھلاڑیوں کی زیادہ پریشانیاں نہیں ہوںگی ، جس کی وجہ سے ہمیں دیگر کھلاڑیوں کی جانب رخ نہ کرنا پڑے۔ شاستری نے کہا کہ ہمارے پاس اب زیادہ میچ نہیں ہیں۔ ہمارے پاس صرف 13 میچ ہی ہیں ، اس لئے ہم ہر وقت بہترین ٹیم کو کھلانے کی کوشش کریں گے۔ ان 13 میچوں میں آسٹریلیا کے خلاف اس کی سرزمین پر تین میچوں کی سیریز اور پھر نیوزی لینڈ میں پانچ میچوں کی سیریز ہے۔ آسٹریلیائی ٹیم بھی اس کے بعد پانچ ونڈے میچوں کی سیریز کیلئے ہندوستان آئے گی۔ کوچ روی شاستری کے اس بیان سے واضح ہوگیا کہ ہندوستانی ٹیم کے ونڈے اسکواڈ میں واپسی کی کوششوں میں مصروف یوراج سنگھ ، سریش رینا اور گوتم گمبھیر اب ورلڈ کپ میں کھیلتے ہوئے نظر نہیں آئیں گے۔ ٹسٹ ٹیم کے نائب کپتان اجنکیا رہانے بھی ورلڈ کپ میں کھیلنے کی دوڑ سے باہر نظر آرہے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ ورلڈکپ میں یوراج اور گمبی نے بہترین مظاہرہ کیا تھا لیکن اب وہ ایک عرصہ سے ٹیم سے باہر ہیں۔