یمن کے دارالحکومت صنعا پر شیعہ باغیوں کا ’کنٹرول‘

صنعا ، 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) یمن میں شیعہ باغی دارالحکومت صنعا پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ ملک میں دہشت گرد گروہ القاعدہ کی شاخ کا پیچھا کریں گے۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق دارالحکومت صنعا پہنچ کر شیعہ باغیوں نے اپنی طاقت دکھائی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے حکومت کا یہ مطالبہ مسترد کر دیا ہے جس میں ان سے اپنے فائٹرز کو شہر سے ہٹانے کیلئے کہا گیا تھا۔ ان شیعہ باغیوں کو حوثی کے نام سے جانا جاتا ہے۔ انہوں ے سنی اسلام پسندوں کو شکست دے کر صنعاء تک رسائی حاصل کی ہے۔ انہوں نے اتوار کو حکومت کے ساتھ ایک امن معاہدے پر دستخط بھی کئے تھے جس کے بعد انہوں نے مرکزی بینک، سرکاری ٹیلی وڑن اور کابینہ کے صدر دفاتر جیسی سرکاری عمارتوں کا کنٹرول ملٹری پولیس کو واپس دے دیا تھا۔ تاہم اے پی کے مطابق شیعہ باغیوں کا کنٹرول کم ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔