نئی دہلی۔8 اگست(سیاست ڈاٹ کام) ہندستان انڈر۔16فٹبال ٹیم نے اپنی فتوحات کے سلسلہ کو برقرار رکھتے ہوئے عمان میں جاری پانچ ممالک کے ڈبلیو اے ایف ایف انڈر۔16فٹبال ٹورنمنٹ میں مضبوط یمن کی ٹیم کو3-0 سے شکست دی۔مڈل ڈیفنڈر ہرپریت سنگھ نے37 ویں منٹ میں پہلا گول کر کے ہندستان کو سبقت دلائی۔ میچ کے 47 ویں منٹ میں ریج ڈمیلو نے دوسرا گول کیا جبکہ ایک منٹ بعد ہی روہت ڈانو نے گول کیپر کے اوپر سے باکس میں گیند کو پہنچاکر ہندستان کے لئے تیسرا گول کیا۔ہندستانی ٹیم کے چیف کوچ ببیانو فرنانڈیز نے نوجوان ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی۔ انہوں نے میچ کے بعد کہاکہ ہمیں اپنی ٹیم پر فخر ہے ۔ انہوں نے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور حکمت عملی پر اچھے طریقہ سے عمل کیا۔ اس ٹورنمنٹ سے ہمیں بہت اچھا تجربہ حاصل ہوا ہے ۔انڈر۔16لڑکوں کی ٹیم نے ٹورنمنٹ میں تین میچوں میں جیت حاصل کی جبکہ ایک میں اسے جاپان سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندستان نے اردن کو افتتاحی میچ میں 0-4 سے اور انڈر ایشین چیمپئن عراق کو 0-1 سے شکست دی جبکہ جاپان سے اسے 2-1 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔