یمن میں نئی حکومت کی تشکیل

صنعا۔ 8 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) یمن میں قائم ہونے والی نئی کثیر الجماعتی حکومت میں ملک کے تمام سیاسی دھڑوں کو شامل کیا گیا ہے تا کہ اختلافات کو ختم کر کے ملک کے اندر خانہ جنگی جیسے حالات کا خاتمہ کیا جا سکے۔ 36وزراء پر مشتمل نئی کابینہ وزیراعظم خالد محفوظ بحاح نے تشکیل دی ہے۔ نئے وزیراعظم نے اپنی کابینہ میں چار خواتین کو بھی شامل کیا ہے۔ سابقہ کابینہ کے چار وزراء بھی نئی وزیروں کی ٹیم میں شامل کئے گئے ہیں۔ خالد بحاح نے 7 نومبر کو اپنے منصب کو سنبھالا ہے۔ نئی کابینہ میں شیعہ حوتی قبائل کو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔ اِسی طرح بحاح کی کابینہ میں جنوب میں علیحدگی پسندی کی تحریک جاری رکھے ہوئے الحراک الجنوبی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ نئی کابینہ کی تشکیل اصل میں ستمبر میں متحارب گروپوں کے درمیان طے پانے والی معاملت کی اگلی کڑی ہے اور اِسی معاملت کے تحت شیعہ باغیوں کو حکومت میں شامل کیا گیا ہے۔