صنعا ، 23 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک فضائی کارروائی نے جسے سعودیہ زیرقیادت اتحاد سے منسوب کیا گیا، آج پانچ باغیوں کو ہلاک کردیا جبکہ وہ دارالحکومت یمن کے بیرون حلیف قبائلی سرداروں سے ملاقات کررہے تھے، ایک قبائلی ذریعہ نے یہ بات کہی۔ اس نے کہا کہ کارروائی میں 20 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے جب صنعا کے 35 کیلومیٹر شمال میں علاقہ ارہب میں واقع ایک مکان کو نشانہ بنایا گیا۔ حوثی باغیوں کے تائیدی میڈیا نے کہا کہ اس حملے میں وہ لوگ نشانہ بنائے گئے جو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کئے جانے کے خلاف فلسطینیوں کیلئے اظہار یگانگت کرنے جمع ہوئے تھے۔ سعودی عرب زیرقیادت اتحاد وقفے وقفے سے باغیوں کے کنٹرول والے علاقوں کو نشانہ بناتا رہتا ہے، یمن میں 2015ء میں حکومت کی طرف سے اتحاد کی مداخلت کے بعد سے زائد از 8,700 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔