یمن میں علی عبداﷲ صالح کی ہلاکت کا دعویٰ

صنعاء میں حوثی باغیوں اور صالح کے حامیوں میں جھڑپیں
صنعاء ۔4 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام) یمن کے باغیوں کے زیرکنٹرول وزارت داخلہ نے آج اس ملک کے سابق صدر علی عبداﷲ صالح کی ہلاکت کا اعلان کیا ۔ جب ایک ویڈیو منظرعام پر آیا جس میں ایک نعش دکھائی گئی تھی ۔ باور کیا جاتا ہے کہ یہ علی عبداﷲ صالح کی نعش ہوسکتی ہے ۔ باغیوں کے المصیرہ ٹیلی ویژن کے اینکر نے صالح کے مصلح حامیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’وزارت اخلہ چھاپہ ماروں کے بحران کے خاتمے ، ان کے لیڈر اور ان کے مجرم حامیوں کی کثیرتعداد کا اعلان کرتی ہے ‘‘ ۔ علی عبداﷲ صالح نے ہفتہ کو ایرانی تائید یافتہ حوثی باغیوں کے ساتھ اپنے اتحاد کی برخاستگی کا اعلان کیا تھا ۔سوشیل میڈیا پر آج ایک ویڈیو گشت کررہا تھا جس میں علی عبداﷲ صالح کی نعش کو پھولوں کے نقوش سے مزین ایک کمبل میں لپٹا ہوا دکھایا گیا تھا اور ان کے سر پر گہرا زخم تھا ۔آج بھی حوثی باغیوں اور صالح کے حامیوں میں جھڑپیں جاری رہیں ۔ اتحادی افواج نے فضائی حملے بھی حوثیوں کے زیرقبضہ سرکاری عمارتوں اور صنعاء انٹرنیشنل ایرپورٹ کے اطراف کئے ۔ سابق صدر علی عبداﷲ صالح کی ہلاکت کی خبر جیسے ہی پھیلی صالح کے حامیوں اور حوثی باغیوں کے درمیان جھڑپوں میں شدت پیدا ہوگئی ۔