یمن میں باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے

عدن ۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سعودی زیرقیادت اتحادی جنگی طیاروں نے آج جنوبی یمن میں مخالف حکومت طاقتوں کو نشانہ بنایا اور اس میں 12 حوثی باغی ہلاک ہوگئے۔ اتحادی فوج کی کئی صوبوں میں لڑائی جاری ہے۔ فوج اور مقامی ذرائع نے بتایا کہ طیاروں نے 5 اسکولس کو نشانہ بنایا جنہیں شیعہ باغیوں نے فوجیوں اڈوں میں تبدیل کردیا تھا۔ ان حملوں میں 12 باغی ہلاک ہوگئے۔ یہ حملے صوبہ ابیان کے دارالحکومت عطق میں کئے گئے۔ اس کے علاوہ ابیان میں بھی جنگی طیاروں نے باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ طائز میں زبردست جھڑپیں شروع ہوگئی ہیں اور حریف گروپس ایک دوسرے کے خلاف ٹینکس اور گرینیڈس استعمال کررہے ہیں۔ میڈیکل حکام کے مطابق کل طائز میں 16 شہری ہلاک ہوگئے۔ اقوام متحدہ کے مطابق مارچ کے اواخر میں شروع ہوئی لڑائی میں اب تک ایک ہزار سے زائد لوگ ہلاک ہوگئے۔ گذشتہ ہفتہ فضائی حملے روک دینے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن ہنوز یہ سلسلہ جاری ہے۔ کہا گیا ہے کہ یمن کے دوسرے شہروں میں بھی سعودی عرب کی قیادت میں حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور کچھ مقامات پر سڑکوں پر لڑائی بھی ہو رہی ہے ۔