یمن میں القاعدہ کا حملہ : 12 سپاہی ہلاک

صنعا 17 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) القاعدہ عسکریت پسندوں نے آج فوجی ٹھکانوں پر مسلسل حملے کرتے ہوئے 10 سپاہیوں کو ہلاک کردیا ہے ۔ دیگر ذرائع نے فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 12 بتائی ہے ۔ ایک فوجی ترجمان کے بموجب یہ واقعات وسطی صوبہ بیدہ میں پیش آئے ۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ القاعدہ کے حملہ آوروں نے تین فوجی ٹھکانوں پر بیدہ میں بیک وقت حملے کئے ۔ اس صوبہ میں تخریب کاروں کا زیادہ اثر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں میں کم از کم 10 سپاہی ہلاک ہوئے ہیں اور کچھ حملہ آور بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک حملہ آور دھماکو مادوں پر مشتمل بیلٹ باندھے ہوئے تھا جسے سپاہیوں نے ہلاک کردیا ۔

کہا گیا ہے کہ بندوق برداروں اور سپاہیوں کے مابعد جھڑپوں کے بعد یہ حملے کئے گئے ۔ ماہ ڈسمبر میں یہاں ایک ڈرون حملہ کیا گیا تھا جس میں 17 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں ایک بارات میں شریک عام شہریوں کی اکثریت تھی ۔ اس کے بعد سے یہاں امریکہ اور ڈڑون حملوں کے خلاف برہمی پائی جاتی ہے ۔ یمن کی حکومت کا ادعا تھا کہ یہ حملہ ایک القاعدہ لیڈر کی کار کو نشانہ بناکر کیا گیا تھا ۔ ایک مقامی حکومت کے عہدیدار نے بتایا کہ دو فوجی ٹھکانوں اور ایک پولیس سنٹر کو نشانہ بناتے ہوئے بندوق برداروں نے یہ حملہ کیا تھا اور انہوں نے دھماکو مادے پھینکے ۔ انہوں نے کہا کہ 12 اموات کے علاوہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔زخمیوں کو مختلف دواخانوں میں شریک کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج کیا جارہا ہے ۔ عہدیداروں نے کچھ زخمیوں کی حالت کو نازک اور تشویشناک بتایا ہے ۔