صنعا ، 14 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) یمن میں آئینی حکومت کی بحالی میں سرگرم عرب اتحادی فوج کے جنگی طیاروں نے کل منگل کو دارالحکومت صنعا میں ایران نواز ملیشیا کی ایک میزائل فیکٹری پر بمباری کی جس کے نتیجے میں فیکٹری مکمل طور پر تباہ اور بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود تلف کردیا گیا ہے۔ دو روز قبل سعودی عرب کی سرحد کے قریب ایک غار میں میٹنگ میں مصروف باغیوں پر فضائی حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں درجنوں باغی ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے۔ یمن سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کی سرحد کے قریب فضائی حملے میں ہلاک ہونے والے باغی عسکریت پسندوں میں جنگجو کمانڈر ابو عبدلکریم الخذیفی، فیلڈ کمانڈر ریاض الغیلی، علی صالح کے ماتحت ری پبلیکن گارڈ کے چھ سینئر فوجی، خولان الطیال کے مقامی فوجی کمانڈر اور صعدہ میں بیلسٹک میزائل یونٹ کے سربراہ محمد الباشق شامل ہیں۔