یمن: اتحادی طیاروں کی بمباری :لڑائی جاری

صنعاء۔30اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) یمن میں اتحادی طیاروں کی بمباری کے ساتھ لڑائی بھی جاری ہے۔ ایران نے بحران کے خاتمے کیلئے اقوام متحدہ کے تحت غیر جانبدارمقام پر مذاکرات کی تجویز پیش کی ہے ۔ سعودی کی جانب سے حملے روکنے کے اعلان کے باوجود یمن کے مختلف شہروں میں اتحادی طیاروں کی بمباری جاری ہے۔ اتحادی طیارے جنوبی شہر عدن سمیت 5صوبوں میں بمباری کر رہے ہیں۔ ایک غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سعودی اتحادی طیاروں نے ایک ایرانی جہاز کو لینڈنگ سے روکنے کے لیے صنعاء ایئر پورٹ کو نشانہ بنایا، جس سے ایئرپورٹ پر موجود ایک طیارہ تباہ ہو گیا، جبکہ رن وے کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے۔ دوسری جانب عدن شہر میں مقامی جنگجووں اور حوثی باغیوں کے درمیان شدید لڑائی ہو رہی ہے۔ تازہ جھڑپوں اور باغیوں کی گولہ باری میں 12شہری ہلاک ہوئے، جبکہ تعز شہر میں کئی ہفتوں سے جاری لڑائی کے باعث کھانے پینے کی اشیا اور ایندھن کی قلت پیدا ہوگئی ہے، لوگ اشیائے خور ونوش کی خریداری کے لیے اسٹورز پر قطاروں میں کھڑے ہیں۔ ایران نے یمن کے بحران کے خاتمے کیلے اقوام متحدہ کے تحت غیرجانبدارمقام پر مذاکرات کی تجویز دی ہے۔ نیویارک یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ ہر کوئی یمن میں پیشگی شرائط کے بغیر مذاکرات چاہتا ہے، لیکن یہ مذاکرات متحدہ عرب امارات میں نہیں ہو سکتے، کیونکہ بدقسمتی سے یو اے ای یمن بحران کا حصہ ہے۔